باجوڑ دھماکے میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل امن کے فروغ کے حوالے سے شہرت رکھتے تھے، حال ہی میں انہوں نے علاقے میں 30 سال پرانی قبائلی دشمنی کو ختم کروانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

30 سال کی پرانی دشمنی جس میں سیکڑوں افراد قتل ہو چکے ہوں، اسے ختم کرواکے دوستی میں بدلنے والے، دشمنوں کو دوست بنانے والے، ناراض لوگوں کو منانے والے اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی فیصل اسماعیل کی ایک یادگار گفتگو سامنے آئی ہے، وہ اپنے لہجہ اور انداز سے دوستی کا فن جانتے تھے۔

باجوڑ: اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی میں دھماکے سے 5 افراد شہید ہوئے، ڈپٹی کمشنر

باجوڑ کے مقام پھاٹک میلہ کے قریب دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار اور دیگر اہلکار شہید ہو گئے۔

فیصل اسماعیل کا تعلق سوات کے دور افتادہ گاؤں اوڈیگرام سے تھا وہ دو بیٹوں کے باپ تھے، پرنسپل کے گھر آنکھ کھولی، تعلیم و تربیت کا دامن زندگی بھر تھامے رکھا۔ 

نمل یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی، بونیر، وانا، کوہاٹ جیسے مشکل اور کٹھن اضلاع میں اعلیٰ عہدوں پر ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد باجوڑ میں پوسٹنگ ہوئی۔ لیکن امن کے دشمنوں کو انسانیت کا درد رکھنے والا شخص پسند نہیں تھا۔

صدیق آباد پھاٹک کے قریب دھماکے میں اسسٹنٹ کمشنر کے ساتھ ساتھ تحصیلدار اور پولیس اہلکار بھی شہید ہوئے۔

36 برس کے فیصل اسماعیل کو ابھی بہت آگے جانا تھا بہت سی دشمنیوں کو ختم کروانا تھا، لیکن امن کے دشمنوں نے مہلت نہیں دی۔

.

ذریعہ: Jang News

کلیدی لفظ: فیصل اسماعیل

پڑھیں:

باجوڑ میں بم دھماکہ، اے سی، تحصیلدار سمیت 5 شہید، 17 زخمی

پشاور، باجوڑ‘ اسلام آباد (بیورو رپورٹ+ نامہ نگار + خبر نگار خصوصی+ خبر نگار+ نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) خیبرپی کے کے ضلع باجوڑ میں صدیق آباد پھاٹک میلہ گراؤنڈ کے قریب بم دھماکا ہوا ہے جس میں اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی، تحصیل دار نائوگئی، دو پولیس اہل کاروں سمیت 5 افراد شہید جبکہ 17 زخمی ہوگئے۔ 4 زخمیوں کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کر دیا گیا۔ زخمی ہونیوالے پولیس کے سب انسپکٹر نور حکیم مزید علاج کے لیے پشاور منتقل کئے جا رہے تھے کہ راستے میں ہی چل بسے۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے میڈیکل ٹیموں نے بروقت پہنچ کر زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منتقل کیا۔ آئی جی خیبرپی کے ذوالفقار حمید نے کہا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق فتنہ الخوارج نے اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی فیصل اسماعیل کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکہ اس وقت کیا گیا جب وہ ناوگئی سے ہیڈ کوارٹر خار آ رہے تھے‘ دھماکہ اتنا شدید تھا آواز دور دور تک سنائی دی۔ واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ موقع سے تمام ضروری ثبوت اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی ڈی ٹیمز جائے حادثہ پر موجود ہیں اور دھماکے کی نوعیت کے بارے میں معلومات کی جا رہی ہیں۔ ملکِ خداداد بالخصوص صوبہ خیبر پی کے کا امن سبوتاژکرنے والے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی فیصل اسماعیل، تحصیلدار عبدالوکیل خان، کانسٹیبل زاہد اور راہگیر فضل منان کی نماز جنازہ سول کالونی خار پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی، ڈی پی او باجوڑ وقاص رفیق ، کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس، سرکاری افسروں، شہداء کے لواحقین اور لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ شہداء کو باجوڑ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، حکام نے شہداء کے جسد خاکی پر گلدستے رکھے۔ میتیں آبائی علاقوں کو بھیج دی گئیں۔ صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور اسسٹنٹ کمشنر نائوگئی، تحصیلدار اور دیگر اہلکاروں کی شہادت پر دلی اظہار افسوس اوراہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کیا۔ صدر آصف زرداری نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں جو نہتے عوام کو نشانہ بناتے ہیں، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے ہر ممکن اقدامات کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے مقام پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کی اور دھماکے کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار نائوگئی سمیت دیگر اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے شہداء کے بلندی درجات کی دعاء اور شہداء کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعاء اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ مشیر اطلاعات خیبر پی کے بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ واقعہ انتہائی افسوسناک ہے، شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اپنے ایک جاری بیان میں بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ ملک دشمنوں عناصرکو اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے، وزیر اعلیٰ خیبر پی کے نے واقعے کی تحقیقات کیلئے احکامات جاری کر دیئے ہیں، وزیر اعلیٰ نے زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے، اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار سمیت دیگر قیمتی جانوں کا ضیاع انتہائی افسوسناک ہے۔ ڈی پی او وقاص خان نے بتایا کہ تھانہ خار کی حدود بمقام میلہ گراؤنڈ کے قریب اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر ناؤگئی فیصل اسماعیل، تحصیل دار وکیل، اے ایس آئی نو حکیم، پولیس کانسٹیبل زاہد اور نامعلوم شخص شہید ہوگئے، شہداء کے جسد خاکی ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کر دیئے گئے ہیں۔ دھماکے میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کر کے ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منتقل کر دیا، دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ ادھر زخمی ہونے والوں میں کانسٹیبل ایاز، کانسٹیبل محمد زمین، کانسٹیبل سید الرحمن، کانسٹیبل فضل حق، جبکہ زخمی ہونے والے سول افراد میں وقار خان، حیات اللہ، عمر، عرفان، عبدالصمد، جمیل، فضل بادشاہ، زیر گل، فضل حکیم، بلال، عطاء اللہ، ظاہر  کے نام شامل ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ، ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی سرگرمیاں شروع کی۔ میتوں اور زخمیوں کو ہیڈ کوارٹر ہسپتال خار منتقل کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع باجوڑ کے مقام پھاٹک میلہ کے قریب ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد معصوم اور بے گناہ لوگوں کو نشانہ بناکر ظلم کی انتہاء کر رہے ہیں انہیں کسی صورت معاف نہیں کیا جا سکتا۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے دھماکے کے نتیجے میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہداء کے بلندی درجات کی دعا اور شہداء کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت  کیا۔ انہوں نے  دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی صحت یابی کی دعا اور انہیں ہر ممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سپیکر ایاز صادق، ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان نے  ضلع باجوڑ میں بم دھماکے کی سخت مذمت کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ضلع باجوڑ میں دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کرتا ہوں، دہشتگرد ملک و قوم کے سخت دشمن ہیں۔ دہشتگرد ملک میں امن و سکون نہیں چاہتے، پاکستان کا ہر فرد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں متحد ہے۔ شہداء کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ شہداء کے بلند درجات کے لئے دعا گو ہوں۔

متعلقہ مضامین

  • باجوڑ میں بم دھماکہ، اے سی، تحصیلدار سمیت 5 شہید، 17 زخمی
  • باجوڑ میں بم دھماکا ،اسسٹنٹ کمشنر و پولیس اہلکار وں سمیت 15 افراد شہید ،16 زخمی
  • باجوڑ دھماکا، شہید اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل کا تعلق سوات سے تھا، خواجہ آصف
  • باجوڑ میں بم دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر، پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد شہید، 16 زخمی
  • باجوڑ میں بم دھماکا : اسسٹنٹ کمشنر ناواگئی سمیت 4 افراد شہید , 11 زخمی
  • باجوڑ میں خوفناک بم دھماکا؛ اسسٹنٹ کمشنر اور 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید، 11 زخمی
  • باجوڑ بم دھماکا: اسسٹنٹ کمشنر، تحصیلدار سمیت 4 افراد شہید، 11 زخمی
  • باجوڑ کے علاقے صدیق آباد میں دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر سمیت 4 افراد شہید،11 زخمی
  • باجوڑ میں بم دھماکا، اسسٹنٹ کمشنر، پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید، 11 زخمی