سینیٹ میں خیبرپختونخوا کی نشستوں سمیت دوسری متعدد سیٹوں پر پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری
اشاعت کی تاریخ: 4th, July 2025 GMT
سینیٹ میں خیبر پختونخوا کی نشستوں پر پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سینیٹ میں خیبر پختونخوا کی 7 جنرل ، 2 خواتین اور 2 ٹیکنو کریٹ/علما کی نشستوں کی پولنگ کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پولنگ مورخہ 21 جولائی 2025کو خیبر پختونخواہ اسمبلی میں ہوگی، الیکشن کمیشن نے 2 اپریل 2024 کو مذکورہ بالا انتخابات اسپیکر کی طرف سے مخصوص نشستوں پرمنتخب ممبران صوبائی اسمبلی سے حلف نہ لینے اور الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کیے تھے۔
یہ بھی پڑھیے: الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کر دیے
اس کے علاوہ ثانیہ نشتر کی سینیٹ سے خالی کردہ نشست پر انتخابات کے لیے الیکشن پروگرام جاری کردیا گیا ہے۔
پروگرام کے مطابق پبلک نوٹس 9 جولائی 2025، کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی تاریخ 10 اور 11جولائی، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 16 جولائی اور پولنگ 31 جولائی کو ہوگی۔
مرحوم ساجد میر کی سینیٹ سے خالی کردہ نشست پر الیکشن کے مختلف مراحل جو کہ الیکٹورل کالج نامکمل ہونے کی وجہ سے ملتوی کیے گئے تھے، کا بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ریٹرننگ آفیسر امیدواروں کی نظرثانی فہرست لسٹ 15 جولائی 2025 کو جاری کرے گا اور کاغذات نامزدگی 16 جولائی 2025 تک واپس لیے جاسکیں گے اور پولنگ 21 جولائی 2025 کو پنجاب اسمبلی میں ہوگی۔
قومی اسمبلی میں خیبر پختونخوا سے مسلم لیگ ن کی خواتین کی مخصوص 2 خالی نشستوں پر بھی الیکشن پروگرام جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: سینیٹ انتخابات کا دلچسپ اور پیچیدہ عمل کیسے انجام پاتا ہے؟
الیکشن پروگرام کے مطابق پبلک نوٹس 8 جولائی 2025 کو ریٹرننگ آفیسر جاری کرے گا، کاغذات نامزدگی 9 اور 10 جولائی 2025کو جمع کروائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 14 جولائی اور امیدواروں کی حتمی لسٹ 24 جولائی 2025 کو جاری کی جائے گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کی ترجیحی فہرست ختم ہوچکی ہے لہذا اسے 10 جولائی تک فہرست ریڑننگ آفیسر کے پاس جمع کروانی ہوگی۔
الیکشن کمیشن نے 2جولائی 2025 کو مخصوص نشستوں پر جن ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا ان کی حلف برداری کے لیے بھی اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلیوں کو خط ارسال کر دیے گئے ہیں تاکہ وہ اپنی ذمہ داریاں سنبھال سکیں اور خیبر پختونخوا اور پنجاب کے سینیٹ الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرسکیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: کا نوٹیفکیشن جاری کاغذات نامزدگی خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن جولائی 2025 کو جاری کردیا نشستوں پر کے مطابق گیا ہے
پڑھیں:
موبائل فون سم، کاروں، دودھ، دہی، پھلوں سمیت 100 سے زائد اشیا پر ڈیوٹی ٹیکس میں کمی، نوٹیفکیشن جاری
فنانس ایکٹ 2025کے نفاذ کے ساتھ ہی درآمدی دودھ، دہی، پنیر، پھلوں سمیت ایک سو سے زائد اشیا پر ڈیوٹی ٹیکس میں کمی کردی گئی اور اس حوالے سے ایف بی آر نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن کردیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم جولائی سے کیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق پنیر اور دہی کی درآمد پر ڈیوٹی کم کردی گئی ہے جب کہ موبائل فون سم کاڈز پر ریگولیٹری ڈیوٹی 15سے کم کرکے 12 فیصد کردی گئی ہے۔
اسی طرح نئی کاروں اور منی وینز پر ڈیوٹی ایک تہائی سے 10فیصد تک کم کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق درآمد شدہ ایس یو ویز پر 44 فیصد کمی سے ڈیوٹی 50 فیصد ہوگئی، مرغی، مچھلیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹی 5 فیصدکردی گئی، پرندوں کےانڈوں پر ڈیوٹی 15فیصد سے کم کرکے 10 فیصد کردی گئی۔
کتے اور بلی کے کھانے پر 5 فیصد کمی سے ڈیوٹی کی شرح 40 فیصد کردی گئی ہے جبکہ ریٹیل پیک میں انسٹنٹ کافی پر ڈیوٹی میں 5 فیصد کمی کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ تمباکو پر ڈیوٹی 40 فیصد تک کم کردی گئی، کھجور، ناریل، برازیلی گری دار میوے، کاجو پر ڈیوٹی 16 فیصد تک کم کی گئی۔
اس کے علاوہ انجیر، انناس، ایوکاڈو، امرود اور آم پر ڈیوٹی میں 20 فیصد کمی کی گئی ہے جب کہ پپیتا اورسیب پر ڈیوٹی 45 فیصد سے کم کرکے 36 فیصد کر دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گری دار میوے پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں 4 فیصد کمی کی گئی ہے، فروزن مچھلی پرڈیوٹی نصف کرکے 17.5 فیصد کر دی گئی ہے۔