عملے کی غفلت؛ لاہور ایئرپورٹ سے کراچی جانے والے مسافر کو کہاں پہنچایا گیا؟
اشاعت کی تاریخ: 10th, July 2025 GMT
لاہور:
علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور سے نجی ائیرلائن کی پرواز میں کراچی کے لیے سوار ہونے والے مسافر کے ساتھ عملے کی غفلت کی وجہ سے انوکھا واقعہ پیش آیا اور انہیں سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچایا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور سے کراچی جانے والے مسافر کو جدہ پہنچا دیا، مسافر بھی پریشان اور جہاز کا عملہ بھی مشکلات کا شکار ہوا تاہم مسافر کی واپسی اور شکایت کرنے پر پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی۔
پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق تین چار روز قبل ملک ذیشان نامی شہری نے لاہور سے کراچی کے لیے ٹکٹ لیا مگر کراچی کے بجائے جدہ پہنچ گیا، مسافر کو دوران پرواز فضائی عملے سے پوچھنے پر غلط پرواز میں سوار ہونے کا علم ہوا۔
مسافر نجی ایئرلائن کی پرواز پر لاہور سے کراچی سفر کرنے لاہور ائیرپورٹ پر پہنچا تھا، انہیں نہ اے ایس ایف، نہ امیگریشن اور نہ ہی ائیرلائن کے فضائی عملے نے دھیان دیا۔
ائیر پورٹ اتھارٹی کے مطابق اس غفلت میں ملوث افراد کی نشان دہی کے لیے حکام بالا نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اورریگولیٹر سول ایوی ایشن اتھارٹی اور اسٹیشن منیجر کو خط ارسال کردیا گیا ہے۔
خط میں شہری ہوا بازی کے ریگولیٹر سے غفلت کی مرتکب ائیرلائن کو بھاری جرمانے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی متعلقہ ائیر لائن سے جوب ملنے پر کارروائی کرے گا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
جیٹ طیارے کے تیز رفتار انجن نے مسافر کو اپنے اندر کھینچ لیا؛ موقع پر ہلاک
اٹلی کے شہر میلان کے برگامو ایئرپورٹ پر ایک 30 سالہ شخص ہوائی جہاز کے انجن میں کھینچے جانے سے ہلاک ہو گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ شخص اچانک رَن وے پر دوڑتا ہوا جہاز کے سامنے آ گیا۔ اسی دوران تیز رفتار انجن اسٹارٹ ہوا اور اسے اندر کھینچ لیا۔
تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ وہ شخص ایئرپورٹ کے محفوظ اور ممنوعہ علاقے میں کس طرح داخل ہوا۔
واقعے کے فوراً بعد ایمرجنسی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں مگر وہ جان بچانے میں ناکام رہیں۔ وہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔
اس حادثے کے باعث ایئرپورٹ پر 19 پروازیں معطل کی گئیں جبکہ ایک رن وے کو عارضی طور پر بند کرنا پڑا جس سے نظامِ پرواز متاثر ہوا۔
ایوی ایشن حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ سیکیورٹی کے سخت اقدامات کے باوجود وہ شخص رَن وے تک کیسے پہنچا۔
اس حوالے سے ایئرپورٹ کی سیکیورٹی اور نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔