کراچی، ملیر ندی کے قریب پڑے ڈرم سے خاتون کی جھلسی ہوئی تشدد زدہ لاش برآمد
اشاعت کی تاریخ: 12th, July 2025 GMT
شہر قائد کے علاقے شرافی گوٹھ میں ملیر ندی کے پاس واقع سڑک پر پڑے ہوئے پلاسٹک کے ڈرم سے خاتون کی ہاتھ پاؤں بندھی تشدد زدہ جھلسی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے جس کا چہرہ بھی جلا ہوا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ملیر ندی کے قریب روڈ پر پڑے ڈرم سے لاش برآمد ہوئی ہے، سفاک ملزمان نے خاتون کی شناخت مٹانے کے لیے اس کا چہرہ بھی جلا دیا تھا۔
لاش کی اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر مقتولہ کی لاش ڈرم سے نکال کر ضابطے کی کارروائی کے لیے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او شرافی گوٹھ راؤ خالد نے بتایا کہ پلاسٹک کے نیلے رنگ کے ڈرم سے ملنے والی خاتون کی لاش کا چہرہ بھی جھلسہ ہوا ہے جبکہ نامعلوم ملزمان نے خاتون کو قتل کرنے کے بعد اس کے ہاتھ پاؤں باندھ کر پلاسٹک کے ڈرم میں بند کر کے اس کی لاش ہفتے کو ہی مذکورہ مقام پر پھینکی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جس مقام پر خاتون کی ڈرم میں بند لاش ملی اس کے سامنے آبادی تھی اور لوگوں ڈرم دیکھ کر اور اس میں سے تعفن اٹھنے پر مدد گار 15 پولیس کو اطلاع دی جس نے موقع پر پہنچ کر ڈرم کو کھول کر دیکھا تو اس میں سے خاتون کی لاش نکلی۔
پولیس کو شبہ ہے کہ نامعلوم ملزمان رکشے یا سوزوکی پک اپ سمیت کسی گاڑی کی مدد سے ڈرم میں رکھی لاش مذکورہ مقام پر لیکر آئے اور پھینک کر فرار ہوئے ہیں۔
پولیس نے کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے دستیاب شواہد حاصل کیے ہیں جبکہ فوری طور پر خاتون کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 30 سے 40 سال کے درمیان بتائی جاتی ہے۔
لاش کا پوسٹ مارٹم کرایا جا رہا ہے جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی وجہ موت کا تعین کیا جا سکے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔