صدر آصف زرداری کی تبدیلی کی کوئی تجویز کسی سطح پر زیر غور نہیں، سینیٹر عرفان صدیقی
اشاعت کی تاریخ: 7th, July 2025 GMT
اسلام آباد:سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی لیڈر اور قائمہ کمیٹی خارجہ امور کے سربراہ سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ صدر آصف زرداری کی تبدیلی کی کوئی تجویز کسی سطح پر زیر غور نہیں۔ وہ ریاست کے آئینی سربراہ کے طور پر بہت اچھا کردار ادا کر رہے ہیں۔ میڈیا کے پاس موضوعات نہیں رہے، اس لئے چسکا فروشی کی جا رہی ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ(ن) کے سینیئر رہنما نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمارے ساتھ ہے۔ حکومت کا ساتھ دینے کا مطلب ہر چیز سے اتفاق کرنا نہیں ہوتا۔ وہ مثبت کردار ادا کر رہی ہے جس کی ہم قدر کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان کے مفادات کے لیے سفارتی سطح پر نہایت بہترین کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کے اڈیالہ جیل جاکر عمران خان سے ملاقات کرنے کے حوالے سے سوال پر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ یہ بات سراسر غلط اور بے بنیاد ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ تحریک انصاف اور عمران خان کے پس منظر میں چلے جانے اور حالیہ جنگوں کے خاتمے کے بعد میڈیا موضوعات کے قحط کا شکار ہے اور چسکا فروشی پر مجبور ہو چکا ہے۔ ایک سوال پر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان جس راستے پر چل رہے ہیں، وہ تنہائی کا راستہ ہے۔ پی ٹی آئی کے اندر تقسیم ہے اور عمران خان کے لئے سب سے بڑا چیلنج یہی ہے۔ پہلے وہ اپنی جماعت سے مذاکرات کر لیں تو بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معیشت سمیت ہر محاذ پر کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ گزشتہ دو سال میں حالات میں بہتری کی وجہ سے حکومت کی سیاسی پوزیشن بہتر اور پی ٹی آئی کمزور ہو چکی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق میں اور وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پنجاب میں بے پناہ کام کیا ہے۔عرفان صدیقی نے کہا کہ نواز شریف کے پاس سرکاری یا جماعتی عہدہ ہو یا نہ ہو وہ پاکستان کی سب سے موثر شخصیت ہیں اور ہر اہم فیصلے میں ان کی رائے شامل ہوتی ہے۔ ایک اور سوال پر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہاکہ عام انتخابات اپنی آئینی مدت کی تکمیل پر ہوں گے۔ ایک اور سوال پر سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ چوہدری نثار علی خان کی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ان کی عیادت کرنے گئے تھے۔ اس سے زیادہ اور کوئی بات نہیں ہوئی۔
Post Views: 6.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: عرفان صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ
پڑھیں:
خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کا اشارہ دیدیا
اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے خیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کا اشارہ دے دیا۔
نجی ٹی وی کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو میں وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ انہوں نےخیبرپختونخوا میں حکومت کی تبدیلی کی کوشش ہو سکتی ہے کیونکہ “الیکٹڈ اور نان الیکٹڈ عناصر” کی موجودگی سیاسی عدم استحکام کا باعث بن رہی ہے۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی اندرونی خلفشار اور غیر واضح بیانیہ ملکی سیاست کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی سے ملاقات کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر انہوں نے سوال اٹھایا کہ نوازشریف بانی پی ٹی آئی سے ملنے کیوں جائیں؟ کوئی منطق سمجھا دے۔
خواجہ آصف نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف پہلے بنی گالہ گئے تھے تو بانی نے 40 لاکھ روپے مانگ لیے تھے، اب اس بار کچھ اور ہی نہ مانگ لیں۔
وزیر دفاع نے پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت میں شمولیت کے امکان کو بھی رد نہیں کیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کی وفاقی حکومت میں شمولیت خارج ازامکان نہیں، پیپلز پارٹی کے ساتھ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم ) کی شکل میں اتحادی حکومت کا تجربہ پہلے ہوچکا ہے اور اگر دوبارہ ایسی حکومت بنتی ہے تو یہ ملک کے بہتر مفاد میں ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے تماشہ لگایا ہوا ہے، بانی کی بہنیں کچھ کہتی ہیں ، کوئی کچھ کہہ رہا ہوتا ہے، یہ متنجن پکا ہوا ہے اور رنگ برنگے چاول ہیں کون سادانہ کس رنگ کا ہے سمجھ نہیں آرہا۔