پاکستان میں جدید AI ریسرچ سینٹرز کے قیام پر پیش رفت
اشاعت کی تاریخ: 25th, July 2025 GMT
اسلام آباد میں وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ سے ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے حکام پر مشتمل ایک وفد نے ملاقات کی، جس میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور جدید ٹیکنالوجی میں دو طرفہ اشتراک پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر خصوصی طور پر ایریزونا یونیورسٹی کے تعاون سے پاکستان میں AI ریسرچ سینٹرز کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی لاہور اور ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے درمیان تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی سے متعلق تعلیم و تحقیق کے فروغ کے لیے ایسے اشتراک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ پاکستانی طلبا کو عالمی معیار کی AI ریسرچ اور ڈیجیٹل مہارتوں تک رسائی حاصل ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت آئی ٹی پاکستان میں AI ہبز، نیشنل AI پالیسی اور انٹرنیشنل پارٹنرشپس کے ذریعے ایک مضبوط AI ایکو سسٹم قائم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان وزیراعظم شہباز شریف کے ’’ڈیجیٹل نیشن پاکستان‘‘ کے وژن کے تحت درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے، جہاں بین الاقوامی تعاون کو قومی ترقی کا محور بنایا جارہا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی : پاک فوج کی کاوشوں کا مظہر
پاک فوج کی کاوشوں سے گوادر کے نوجوانوں کے لیے عالمی معیار کا ایک بے مثال تعلیمی ادارہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی خطے میں ترقی، تعلیم اور ہنرمندی کی علامت بن چکا ہے۔
یہ ادارہ 2005 سے گوادر اور مکران ڈویژن کے نوجوانوں کو جدید فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر رہا ہے، تاکہ وہ قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنے ہنر کا لوہا منوا سکیں۔
کمانڈر گوادر ڈویژن نے انسٹیٹیوٹ کے ہونہار طلبہ و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست کی، جس میں انہوں نے نوجوانوں کے عزم اور قابلیت کو سراہا۔ اس موقع پر کمانڈر گوادر ڈویژن نے کہا کہ یہاں کے طلبہ بین الاقوامی معیار کی تکنیکی تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور یہی نوجوان پاکستان کے تابناک مستقبل کے معمار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا کردار وطن کی تعمیر و ترقی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ تعلیم کے ساتھ دیانتداری اور خلوصِ نیت کے ساتھ محنت ہی مضبوط پاکستان کی ضمانت ہیں۔
کمانڈر گوادر ڈویژن نے طلبہ کو نصیحت کی کہ اپنی صلاحیتیں علم و تحقیق کے فروغ میں صرف کریں، کیونکہ پاکستان کا مستقبل اُن باصلاحیت نوجوانوں سے جڑا ہے جو اپنی کامیابی کے ساتھ وطن کی ترقی کا عزم رکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گوادر انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی پاک فوج کے اُس عزم و وژن کا مظہر ہے جو بلوچستان کے نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور خود انحصاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت سرگرم ہے۔