لکی مروت: مارٹر گولا پھٹنے سے 5 بچے جاں بحق، 12 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
لکی مروت(نیوز ڈیسک) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے تھانہ صدر کی حدود میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک مارٹر گولا پھٹنے سے پانچ بچے جاں بحق اور ایک خاتون اور 11 دیگر بچے شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچوں کو ایک کھلے میدان سے مارٹر گولا ملا، جسے وہ نادانی میں اٹھا کر گھر لے آئے۔ گھر پہنچنے کے بعد گولہ اچانک پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں خوفناک دھماکہ ہوا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ایمبولینسز جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں و جاں بحق بچوں کو فوری طور پر قریبی سٹی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال ذرائع نے تصدیق کی کہ 12 زخمیوں میں زیادہ تر بچے ہیں، جن میں کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔
دوسری جانب سٹی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور تمام سٹاف کو فوری طور پر اسپتال پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ایس سٹی اسپتال کا کہنا ہے کہ اب تک 17 افراد کو اسپتال لایا گیا ہے، جن میں سے پانچ جاں بحق جبکہ 12 زخمی ہیںم انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ بھی علاقے میں مزید مارٹر شیلز کی موجودگی کا جائزہ لے رہا ہے۔ واقعے پر مقامی افراد میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔
Post Views: 4.
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
بارشوں سے پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، پی ڈی ایم اے
تصویر سوشل میڈیا۔پراونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے باعث نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کر دی۔
لاہور ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کے باعث پنجاب میں اب تک 21 شہری جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے، بارشوں میں چھتیں گرنے سے 15 افراد جاں بحق ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث نناوے فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں میں کرنٹ لگنے سے 3 اور آسمانی بجلی گرنے سے 2 افرادجاں بحق ہوئے۔ بارش کے پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، بارشوں کے باعث 38 مکانات جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 10 سے 50 لاکھ روپے تک امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
انھوں نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔