لاہور: ڈیفنس سی میں بااثر شخص کی مزدوروں پر تشدد کی ویڈیو وائرل، ملزم گرفتار
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
لاہور:
ڈیفنس سی کے علاقے میں دو مزدوروں پر بااثر ملزم آفتاب میو کے مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آفتاب میو نامی شخص پلاسٹک کے پائپ سے دو مزدوروں، آصف اور تنویر پر تشدد کر رہا ہے۔ ویڈیو منظرعام پر آتے ہی پولیس نے حرکت میں آ کر کارروائی کی اور ملزم کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر ایس پی کینٹ قاضی علی رضا نے فوری طور پر ایس ایچ او ڈیفنس سی رضا عباس اور پولیس ٹیم کو کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس نے ویڈیو کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا اور ملزم کو گرفتار کرلیا۔
ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کا کہنا ہے کہ ملزم آفتاب میو نے خود مزدوروں پر تشدد کی ویڈیو بنائی اور اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور شہریوں پر ظلم و زیادتی کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
ایس پی نے فوری کارروائی پر ڈیفنس سی پولیس ٹیم اور ایس ایچ او رضا عباس کو شاباش بھی دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ڈیفنس سی
پڑھیں:
لاہور: سوتیلی بیٹی سے جنسی زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار
لاہور میں شیراکوٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سوتیلی بیٹی سے زیادتی کرنے والے اوباش ملزم کو گرفتار کرلیا۔
رپورٹ کے مطابق عاصمہ نامی خاتون نے عبداللہ کے ساتھ دوسری شادی کی تھی، کریم اسٹریٹ سوڈیوال میں رہائش پذیر تھی، عاصمہ کی بڑی بیٹی پہلے خاوند سے ہے جس کے ساتھ سوتیلا باپ جنسی زیادتی کرتا تھا۔
ملزم سوتیلی بیٹی کو ڈراتا تھا کہ اگر اپنی ماں کو بتاؤگی تو جان سے مار دوں گا، ایس پی اقبال ٹاؤن نے کہا کہ ملزم عبداللہ کے خلاف بیوی کی مدعیت میں فوری مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے گرفتارکرلیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر نے کہا کہ عورتوں اور بچوں سے زیادتی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔