لاہور سے پنڈی جانے والی ٹرین کالا شاہ کاکو میں پٹڑی سے اتر گئی، 30 مسافر زخمی
اشاعت کی تاریخ: 2nd, August 2025 GMT
لاہور‘اسلام آباد‘فیروزوالہ،شیخوپورہ(خبرنگار خصوصی+نامہ نگاران+نمائندہ خصوصی) لاہورسے راولپنڈی جانے والی اسلام آباد ایکسپریس کی 5 بوگیاں کالاشاہ کاکو کے قریب پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔ حادثہ میں30 مسافر زخمی ہوئے ۔وزیراعظم شہبازشریف نے ٹرین حادثہ پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو ترجیحی بنیادوں پر طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔بتایا گیا ہے کہ مسافر ٹرین 017اپ جب کالا شاہ کا کو کے قریب پہنچی توحادثہ پیش آگیا۔اطلاع کے مطابق حادثے کی وجہ ٹریک کی خستہ حالی بتائی گئی ہے جس کی ایک لیئر ٹریک سے ٹوٹ کر الگ ہوگئی جس کے باعث 5بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔حادثہ رات کے وقت پیش آیاجبکہ ضلعی انتظامیہ تاخیر سے پہنچی۔ مسافروں کی چیخ وپکار سن کر مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو ٹرین سے باہر نکالنے میں مدد کی۔ بعدازں ریسکیو اہلکاروں نے پھنسے ہوئے بعض مسافروں کو بوگیاں کاٹ کر باہر نکالا۔زخمیوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کی اکثریت کو موقع پر فسٹ ایڈدی گئی جبکہ 4شدید زخمی افراد کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔حادثہ کے باعث مذکورہ ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت متاثر رہی۔ وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی ای او ریلوے اور ڈی ایس ریلوے کو جائے حادثہ پر پہنچنے کی ہدایت کی اور انکوائری کرکے 7روز میں رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
لاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا
فوٹو: آن لائنلاہور میں 6 گھنٹے تک طوفانی بارش سے شہر پانی میں ڈوب گیا، ڈی ايچ اے اور ہربنس پورہ انڈر پاس پانی سے بھر گئے، ٹریفک کے لیے بند کردیے گئے۔
تاج پورہ اور ایئرپورٹ کے قریب علاقوں میں پانی گھروں میں داخل ہوگیا، گاڑیاں ڈوب گئیں، موٹرسائيکلیں بند ہوگئیں، فیروز پور روڈ پر موٹرسائیکل پھسل کر کھمبے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں دو بھائی جاں بحق ہوگئے، چھت گرنے کے واقعات میں چار افراد زخمی ہوئے۔
بارش رکنے کے بعد ایم ڈی واسا نے تمام انڈر پاس کلیئر کر دینے کا دعویٰ کیا، بارش کے باعث 99 فیڈرز بھی متاثر ہوئے، بحالی کا کام جاری ہے، ڈیفنس میں بارش کے پانی میں ایک منچلا کشتی لے آیا۔
گوجرانوالا میں مسلسل تیسرے دن بھی بارش برسی، نکاسِ آب کے لیے لاہور سے مشینری طلب کرلی گئی، شکر گڑھ میں تیسرے روز بھی موسلادھار بارش ہوئی، نالہ بئیں اور بسنتر سے ملحقہ نشیبی دیہات میں پانی داخل ہوگیا۔
منڈی بہاء الدین میں بارش سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی دھان اور چارے کی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب دریائے چناب میں نچلے سے درمیانے درجے کا ریلا گزرنے کا خطرہ ہے، تریموں بیراج پر پانی کی سطح بلند ہونے لگی، سرگودھا میں طالب والا کے مقام پر اکتالیس دیہات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔