پاک فوج بدلتے جنگی ماحول میں فیصلہ کن برتری برقراررکھے گی : فلڈ مارشل
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
اسلام آباد‘ راولپنڈی (خبر نگار خصوصی + اپنے سٹاف رپورٹر سے) فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج بدلتے ہوئے جنگی ماحول میں فیصلہ کن برتری برقرار رکھے گی۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملتان گیریژن کا دورہ کیا، کور ہیڈکوارٹرز میں فیلڈ مارشل کو فارمیشن کی آپریشنل تیاری اور جاری تربیتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے اعلیٰ پیمانے کی تیاری پر اطمینان کا اظہار کیا اور پاکستان آرمی کے قومی خود مختاری اور علاقائی استحکام کے تحفظ کیلئے غیرمتزلزل عزم و ہمت کا اعادہ کیا۔ بعد ازاں فیلڈ مارشل نے دانشوروں اور سول سوسائٹی سے تعارفی سیشن میں شرکت کی جس میں انہوں نے قومی یکجہتی، سول ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے پوری قوم کی شراکت داری کی اہمیت اجاگر کی۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان آرمی ایوی ایشن میںZ-10ME اٹیک ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب کی صدارت کی، یہ سٹیٹ آف دی آرٹ آل ویدر پلیٹ فارم دن رات کے سٹرائیک آپریشنز میں درست نشانہ لگانے کی خوبیاں رکھتا ہے۔ ترجمان آئی ایس پی آر نے کہا کہ Z-10ME جدید راڈار اور الیکٹرانک وارفیئر سسٹم سے لیس ہے جس سے آرمی کی فضائی اور زمینی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں نمایاں اصافہ ہوا ہے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق بعد ازاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرگڑھ فیلڈ فائرنگ رینج میں Z-10ME اٹیک ہیلی کاپٹرکی فائر پاور کا مظاہرہ دیکھا، اس طاقتور سسٹم کی شمولیت آرمی ایوی ایشن کو جدید بنانے کیلئے ایک اہم سنگ میل ہے جو میدان جنگ میں دشمنوں کو فوری اور فیصلہ کن ردعمل دینے کی صلاحیت کو مزید مضبوط بناتا ہے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق فوجی جوانوں سے ملاقات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ان کے غیر معمولی عزم و ہمت، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی قابلیت کو بیحد سراہا۔ انہوں نے مشترکہ جنگی حکمت عملی کے کامیاب عملی مظاہرے کی تعریف کی اور بدلتے ہوئے جنگی حالات میں برتری قائم رکھنے کے فوج کے عزم کو اجاگر کیا۔ قبل ازیں ملتان گیریژن آمد پر کور کمانڈر ملتان نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے
پڑھیں:
دہشتگردی کے خاتمے تک فتنۃ الخوارج و فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، فیلڈ مارشل
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکا سے خطاب کیا اور کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے تک فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں، عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کو یقینی بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی، پاکستان میں جہاں بھی دہشت گردوں کا انفرا اسٹرکچر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ بنے گا، اسے ختم کرنے کے لیے اپنے غیرمتزلزل عزم پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی عناصر مسلسل بلوچستان میں بدامنی، عدم استحکام اور امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاہم مسلح افواج عوام کی یک جہتی اور ثابت قدمی کے ساتھ ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیا اور کہا کہ یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل، محب وطن، باصلاحیت اور باہمت عوام سے مالا مال ہے، جو بلوچستان کی اصل طاقت ہیں۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کے لیے عوام دوست اور جامع منصوبوں پر عمل پیرا ہیں، جن کا مقصد صوبے کی تقدیر بدلنا ہے۔
انہوں نے قومی یک جہتی کے فروغ میں سول سوسائٹی، جامعات، میڈیا اور نوجوانوں کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھنے کے لیے قومی اتحاد، استقلال اور مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں تقریب کے اختتام پر شرکا کے ساتھ تفصیلی سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شرکا نے پاکستان کے استحکام، ترقی، امن اور خودمختاری کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔