نیلم ویلی میں معرکۂ حق اور جشنِ آزادی 2025 کی تقاریب کا شاندار آغاز
اشاعت کی تاریخ: 3rd, August 2025 GMT
نیلم ویلی کے علاقے کیل میں معرکۂ حق اور جشنِ آزادی 2025 کی تقریبات کا شاندار آغاز ہوگیا، جس میں اعلیٰ عسکری و سول حکام، معززینِ علاقہ اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
ابتدائی دن مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد ہوئے، جن میں نوجوانوں نے بھرپور شرکت کی۔ سرگرمیوں میں ایتھلیٹکس، کرکٹ، والی بال اور بیڈمنٹن شامل ہیں۔
یکم تا 14 اگست تک ویلی کے اسکولوں اور کالجوں میں تقریری مقابلے، کوئز، مصوری اور دیگر تخلیقی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔
اختتامی تقریب 13 اگست کو کیل میں ہوگی، جس میں پولو فائنل، پیراگلائیڈنگ اور انعامات کی تقسیم شامل ہے۔
یہ تقریبات نوجوانوں میں حب الوطنی اور صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
یومِ آزادی معرکۂ حق: قربانیوں سے جڑی پاکستان کی کہانی، کرنل جی بی شاہ (ر) کی زبانی
یومِ آزادی کے موقع پر معرکۂ حق کی اس تاریخی جدوجہد کو یاد کرتے ہوئے کرنل جی بی شاہ (ریٹائرڈ) نے پاکستان کی بنیادوں میں چھپی قربانیوں اور جذبوں کی داستان کو اجاگر کیا ہے۔
کرنل جی بی شاہ کے مطابق 14 اگست صرف ایک تاریخ نہیں، بلکہ وہ دن ہے جب ایک آزاد اور خودمختار ریاست کا خواب حقیقت کا روپ دھار گیا۔
کرنل جی بی شاہ کا کہنا تھا کہ یومِ آزادی صرف جشن کا دن نہیں بلکہ عزمِ نو کی تجدید کا موقع بھی ہے۔ یہ دن ہمیں ہمارے ان بزرگوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن عزیز کے لیے بے مثال قربانیاں دیں اور تحریکِ آزادی میں ہر طرح کی مشکلات کا سامنا کیا۔
انہوں نے تحریکِ آزادی کے اہم حقائق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بنیاد قربانی، جدوجہد اور ایمان پر رکھی گئی۔ ان کے بقول 1947 کے بعد پاکستان کا قائم رہنا محض جذبے کی بدولت ممکن ہوا، کیونکہ اُس وقت سول ایڈمنسٹریشن تقریباً مفلوج ہوچکی تھی، بڑے افسران ہندوستان جا چکے تھے اور وسائل کی شدید کمی کا سامنا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ مہاجرین جو اعلیٰ عہدوں پر فائز تھے، پاکستان آکر کم تنخواہوں پر کام کرنے کو تیار ہوئے تاکہ نئی ریاست کو مالی فائدہ ہو۔
کرنل شاہ کے مطابق یہی ایثار، قربانی اور خلوصِ نیت اس ملک کی اصل طاقت بنے، جنہوں نے پاکستان کو ابتدائی بحرانوں سے نکال کر استحکام کی راہ دکھائی۔