پاک بھارت ایشیا کپ میچز؛ اماراتی بورڈ نے بھی یقین دہانی کرا دی
اشاعت کی تاریخ: 8th, August 2025 GMT
کراچی:
ایشیا کپ میں پاک بھارت مقابلوں کی یقین دہانی اماراتی بورڈ نے بھی کروا دی، ای سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ میں ضمانت تو نہیں دیتا مگر دونوں ممالک کے آپس میں نہ کھیلنے کا خطرہ نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک یواے ای میں کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا میچ 14 ستمبر کو شیڈول ہے، دونوں ٹیمیں سپر 4 راؤنڈ میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی جبکہ فائنل میں بھی دونوں کا ٹکراؤ ہو سکتا ہے۔
اگرچہ ایشیا کپ کا شیڈول جاری ہو چکا مگر حال ہی میں انگلینڈ میں ایک نجی ٹورنامنٹ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں بھارت نے پہلے لیگ مرحلے اور پھر سیمی فائنل میں پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کیا، جس کی وجہ سے ایشیا کپ میں بھی ایسی صورتحال ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، البتہ ایونٹ کے آرگنائزرز نے ایشیا کپ میں روایتی حریفوں کے مدمقابل آنے کا یقین ظاہر کیا ہے۔
اس حوالے سے ایمرٹس کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ ہم کوئی گارنٹی تو نہیں دے سکتے مگر ایشیا کپ کا موازنہ ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز جیسے نجی ایونٹس کے ساتھ نہیں کیا جا سکتا، ٹیموں کی جانب سے ایشیائی ٹورنامنٹ میں شرکت کی تصدیق سے قبل حکومتوں سے اجازت لی گئی تھی، ایسا شیڈول جاری ہونے سے قبل کیا گیا تھا، اس لیے مجھے امید ہے کہ ہم ڈبلیو سی ایل جیسی صورتحال سے دوچار نہیں ہوں گے۔
پاک بھارت میچز کے موقع پر سیکیورٹی کے بارے میں سوال پر سبحان احمد نے کہا کہ فی الحال تو کسی اضافی سیکیورٹی کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی مگر اس معاملے پر ہم حکومتی ایڈوائز پر ہی عمل درآمد کرتے ہیں، اگر سیکیورٹی بڑھانے کا حکم دیا جائے گا تو ہم اس پر عمل کریں گے، ابھی تو ہمیں اس بارے میں کوئی ہدایت نہیں ملی، ہم ٹورنامنٹ کے بہترین انعقاد کیلیے تیار ہیں۔
یاد رہے کہ 2018 سے اب تک کھیلے گئے 4 ایشیا کپ ایونٹس میں سے 3 کی میزبانی یواے ای نے ہی کی ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ایشیا کپ
پڑھیں:
کوٹ عبدالمالک: بیٹی‘ سابق بیوی پر تشدد‘ تیزاب پھینک دیا‘ دونوں جھلس گئیں
فیروزوالہ (نامہ نگار) شرقپور خورد کوٹ عبدالمالک میں ایک شخص وقاص احمد نے بیوٹی پارلر پر جا کر سابقہ بیوی مسرت بی بی اور جواں سال بیٹی ایمان فاطمہ کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد تیزاب پھینک دیا جس سے مسرت بی بی جسم پر تیزاب پڑنے سے بری طرح جھلس گئی جبکہ ایمان فاطمہ معمولی زخمی ہوئی۔ دریں اثناء ایس ایچ او کوٹ عبدالمالک نے بتایا ہے کہ ملزم وقاص احمد نشہ کا عادی ہے۔ وقوعہ کے وقت وقاص احمد اپنی بیٹی ایمان فاطمہ کو ملنے کی خاطر سابقہ بیوی مسرت بی بی کے بیوٹی پارلر پر آیا جہاں مسرت بی بی نے بیٹی کو ملانے سے انکار کر دیا۔ ملزم شیخوپورہ کے قریب قصبہ بھکھی میں رہ رہا ہے جس کو گرفتار کرنے کی خاطر اس کے تمام ممکنہ ٹھکانوں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔