آسٹریلین ہائی کمشنر کی الوداعی ملاقات، سرمایہ کاری کیلئے ہر ممکن معاونت کرینگے: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 9th, August 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز سے لاہور میں آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے الوداعی ملاقات کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستان میں شاندار خدمات کے اختتام پر ہائی کمشنر نیل ہاکنز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، معدنیات اور آئی ٹی خدمات میں تجارت کو وسعت دینے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے باہمی روابط اور دوطرفہ تعلقات خاص اہمیت کے حامل ہیں۔ ایس آئی ایف سی کے تحت سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی منتقلی اور دیرپا شراکت داری کو فروغ دیا جارہا ہے۔ آسٹریلیا اور پاکستان زراعت اور لائیو سٹاک میں بھی باہمی تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ ایکوا کلچر، فشریز کی امپورٹ کے لئے کولڈ چین لاجسٹکس کے فروغ کے لئے پر امید ہیں۔ آسٹریلوی ایگریکلچر مشن کا گزشتہ جولائی میں پاکستان کا دورہ ایگری ٹریڈ میں گہرے باہمی تعاون کا استعارہ ہے۔ آسٹریلیا میں پنجاب سے ہزاروں افراد نے ترقی کے مواقع ہی نہیں بلکہ باہمی روابط کو بھی فروغ دیا۔ پاکستان کی آسٹریلیا کے ساتھ بڑھتی ہوئی سٹرٹیجک شراکت داری میں پنجاب بھی شامل ہے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے مشترکہ عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لئے پاکستان اور آسٹریلیا تعاون کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ آسٹریلیا پاکستانی طلبہ کے لئے اہم منزل ہے۔ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ باہمی احترام اور دیرپا دوستی کی بنیاد پر قائم مضبوط تعلقات کی قدر کرتا ہے۔ آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ پارلیمانی روابط اور اقتصادی تعاون میں اضافہ ضروری ہے۔ پنجاب میں آئی ٹی اور سیاحت کے شعبوں میں آسٹریلوی سرمایہ کاروں کے لیے گراں قدر مواقع موجود ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہرممکنہ معاونت کرے گی۔ بارش کے پانی کا ہر قطرہ بچا کر استعمال میں لانا چاہتے ہیں جس کے لئے ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ اپنے صوبے اور ملک میں مینارٹی کے جان و مال کا تحفظ اہم فریضہ سمجھتے ہیں۔ پاکستان معدنی وسائل سے مالا مال سرزمین ہے، بہتر استعمال یقینی بنانا چاہتے ہیں۔ تجاوزات کے خاتمے کے لئے یکسو ہیں، شہروں کی خوبصورتی بحال کررہے ہیں۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے کہا کہ آسٹریلیا اور پاکستان بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دار ہیں۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے لاہور شاہکام چوک پر کار کی ٹکر سے 3فراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب مریم نوازشریف نے جشن آزادی پر صوبے بھر میں صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کی ہدایت کی۔ تمام محکموں کو جشن آزادی کی تقریبات کے دوران عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے فیملیز کی آمد کے پیش نظر عوامی مقامات پر سکیورٹی اور ٹریفک کے بہترین انتظامات یقینی بنانے، ضلعی انتظامیہ کو جشن آزادی کی تقاریب، ریلیوں سمیت دیگر تقاریب میں شہری تنظیموں کی بھرپور معاونت کرنے کی ہدایت کی۔ پنجاب بھر کے شہروں اور دیہات میں جشن آزادی کے رنگ قوس و قزح کی مانند بکھر گئے۔ شہروں اور دیہات میں عوام کا گھروں پر پرچم لہرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ گاڑیوں، موٹر سائیکلوں، رکشوں، ٹرالیوں اور ٹرکس کو بھی خوبصورتی سے سجادیا گیا۔ ادھر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مادروطن کے لئے جان قربان کرنے والے میجر طفیل محمد شہید کو سلام پیش کرتی ہوں۔ میجر طفیل محمد شہید کی جرات اور بہادری کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ وزیراعلیٰ نے یوم شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے کندیاں میں سی ٹی ڈی کی کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی اداروں کو شاباش دی ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر دہشت گرد کا تعاقب کریں گے۔ مریم نواز شریف کا شاندار ’’ستھرا پنجاب‘‘ پروگرام کامیابی کا نشان بن گیا۔گجرات اور سیالکوٹ میں تاریخ کی شدید ترین بارش ہوئی، تین گھنٹے میں دونوں شہروں کی سڑکیں صاف ہوگئیں۔ وزیراعلی نے گجرات اور سیالکوٹ میں بارش کے پانی کی ورچوئل نگرانی کی۔ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر گجرات اور سیالکوٹ کی ڈپٹی کمشنر اور ان کی ٹیم پانی کی نکاسی مکمل ہونے تک فیلڈ میں موجود رہیں۔ گجرات کے پھالیہ روڈ میں گھنٹوں بارش سے کئی فٹ پانی کھڑا ہوگیا تھا۔ گجرات کے پھالیہ روڈ، سرکولر روڈ اور دیگر علاقوں میں بارش کے بعد پانی کی نکاسی مکمل کرلی گئی ہے۔ سیالکوٹ کے خواجہ صفدر روڈ، حاجی پورہ، سردار بیگم، چرچ روڈ، عالم چوک اور دیگر علاقے گھنٹوں بارش کے صرف تین گھنٹے میں پانی کی نکاسی مکمل کرلی گئی۔ سیالکوٹ اور گجرات کے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ شہریوں نے اپنے تاثرات میں کہا کہ پہلی مرتبہ اتنی جلدی اور تیزی سے پانی کا نکاس حیران کن لیکن خوشگوار ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مریم نواز شریف ا سٹریلیا کے ہائی کمشنر پانی کی بارش کے شریف نے کہا کہ کے لئے نے کہا
پڑھیں:
وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کا جدید منصوبہ
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں کچرا جمع کرنے کے لیے رَنگ دار کوڑے دان استعمال کرنے کا حکم دے دیا۔
پہلے مرحلے میں ’’اسمارٹ ویسٹ مینجمنٹ پراسیس‘‘ پنجاب بھر کے سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں نافذ کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
پنجاب حکومت کے حکم نامے کے مطابق سرکاری و نجی درس گاہوں میں پانچ رنگ کے کوڑے دان رکھے جائیں۔
سینیئر وزیر موحولیات اینڈ کلائمٹ چینج مریم اورنگزیب منصوبے کی نگرانی کریں گی۔ رانا سکندر وزیرِ تعلیم اور ذیشان ملک وزیر لوکل گورنمنٹ کو ٹارگٹس سونپ دیے گئے، 30 ستمبر تک تمام اسکولوں میں رنگوں والے کوڑے دان لگانے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی گئی۔
یکم اکتوبر سے معائنہ شروع ہوگا اور رنگ دار کوڑے دان نہ رکھنے پر جرمانے ہوں گے۔
الگ الگ رنگ کے کچرے کے ڈبوں میں الگ الگ قسم کا ک کوڑا کرکٹ جمع کیا جائے گا، ماحولیاتی تحفظ کے ادارے نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
پیلے رنگ کے ڈبوں میں کاغذ اور ردی جمع کی جائے گی۔ سبز رنگ کے ڈبوں میں بوتلیں، کانچ کے ٹکڑے، لیبارٹری میں استعمال ہونے والا ضائع شدہ سامان ڈالا جائے گا۔
سُرمئی (گرے) رنگ میں پھلوں کے چھلکے، ضائع شدہ کھانا، پتے اور گلی سڑی سبزیاں پھینکی جائیں گی۔ لال رنگ کے کچرے کے ڈبے لوہے اور دیگر دھاتی کوڑے کے لیے استعمال ہوں گے، نارنجی (اورنج) ڈبے پلاسٹک ویسٹ کے لیے استعمال کیے جائیں گے۔
ان اشیاء کو دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ اس جدید طریقے کا مقصد کچرے کی مقدار میں کمی لانا اور ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا ہے۔
پنجاب مینجمنٹ ہیلپ لائن (1139) پر تعلیمی ادارے کچرے کو اٹھانے کے لیے رابطہ بھی کر سکتے ہیں۔ لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ رنگدار کوڑے دانوں کے انتظام میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
ماحولیات کے تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) تعلیمی اداروں میں اس طریقہ کار کے نفاذ کو یقینی بنائے گا، ای پی اے ٹیم درس گاہوں کا معائنہ بھی کرے گی۔ معیار پر پورا اترنے والے تعلیمی اداروں کو ای پی اے کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا۔