فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ امریکا، اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں
اشاعت کی تاریخ: 10th, August 2025 GMT
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے امریکا کا سرکاری دورہ کیا جہاں امریکا کی سینئر سیاسی و فوجی قیادت اور پاکستانی تارکین وطن سے ملاقاتیں کیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ٹیمپا میں آرمی چیف نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے سبکدوش ہونے والے کمانڈر جنرل مائیکل ای کوریلا کی ریٹائرمنٹ تقریب اور نئے کمانڈر ایڈمرل بریڈ کوپر کے چارج سنبھالنے کی تقریب میں شرکت کی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل نے جنرل کوریلا کی شاندار قیادت اور پاک امریکا عسکری تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی خدمات کو سراہا، اور ایڈمرل کوپر کو نیک تمنائیں پیش کرتے ہوئے مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کے تسلسل پر اعتماد ظاہر کیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا، انہوں نے جنرل ڈین کین کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔اس موقع پر فیلڈ مارشل کی دوست ممالک کے دفاعی سربراہان سے بھی غیر رسمی ملاقاتیں ہوئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستانی نژاد امریکی برادری کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں شرکت کی جس میں فیلڈ مارشل نے انہیں پاکستان کے روشن مستقبل پر اعتماد رکھنے اور سرمایہ کاری کے فروغ میں فعال کردار ادا کرنے پر زور دیا۔پاکستانی کمیونٹی نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔یاد رہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر کا رواں سال امریکا کا یہ دوسرا سرکاری دورہ ہے، اس سے قبل آرمی چیف جون میں سرکاری دورے پر امریکا گئے تھے جہاں انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی دعوت پر وائٹ ہاؤس میں ظہرانے پر ان سے ملاقات کی تھی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وائٹ ہاؤس میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی تھی، اعلیٰ سطح کی یہ ملاقات کابینہ روم میں ظہرانے کے دوران ہوئی، جس کے بعد اوول آفس کا دورہ بھی کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق جون میں ہونے والی ملاقات میں صدر ٹرمپ کے ہمراہ امریکی وزیر خارجہ سینیٹر مارکو روبیو اور مشرق وسطیٰ کے امور کے لیے امریکی خصوصی نمائندے مسٹر اسٹیو وٹکوف موجود تھے جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ساتھ پاکستان کے مشیرِ قومی سلامتی بھی ملاقات میں شریک تھے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پاکستان کے فیلڈ مارشل سے ملاقات کے مطابق آرمی چیف
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ممکنہ ملاقات کا خوف؛ مودی ٹرمپ سے ملنے نہیں گئے، بلومبرگ
معروف امریکی جریدے بلومبرگ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ممکنہ ملاقات کے خدشے کے پیش نظر امریکی صدر کی دعوت قبول کرنے سے انکار کر دیا۔
جریدے بلوم برگ کے مطابق 17 جون کو امریکی صدر نے بھارتی وزیراعظم مودی کو عشائیے پر مدعو کیا تھا تاہم مودی نے معذرت کرلی۔
رپورٹ کے مطابق مودی کو اندیشہ تھا کہ امریکی صدر ممکنہ طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ان کی ملاقات کرا سکتے ہیں جس سے وہ گریز کر رہے تھے۔
بلومبرگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسی روز مودی اور امریکی صدر کے درمیان 45 منٹ طویل ٹیلی فونک گفتگو ہوئی تھی جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان کشیدگی کا آغاز ہوا۔
اسی تناؤ بھرے پس منظر کے بعد بھارت اور امریکا کے تعلقات میں سرد مہری آنے لگی۔ اس کا اثر اُس وقت واضح نظر آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی معیشت کو "مردہ" قرار دے دیا۔
بعد ازاں، اسی گفتگو کے بعد ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر عائد ٹیرف کو 50 فیصد تک بڑھا دیا۔ جس کا اطلاق 17 اگست ہوگا۔