کراچی؛ حادثے کے بعد ڈمپرز جلانے کا واقعہ، 20افراد تاحال زیر حراست، تفتیش جاری
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
کراچی:
راشد منہاس روڈ پر جان لیوا حادثے کے بعد مشتعل شہریوں کی جانب سے ڈمپرز جلائے جانے کے معاملے پر درج مقدمے میں ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کا کریک ڈاؤن دوسرے روز بھی جاری رہا۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ پولیس نے چھاپہ مار کارروائیاں یوسف پلازہ، ایف بی صنعتی ایریا اور دیگر علاقوں میں کیں۔
پولیس نے دو روز کے دوران 30 سے زائد افراد کو حراست میں لیا، 10 سے زائد افراد کو رہا کر دیا گیا اور 20 افراد تاحال حراست میں ہیں، جن سے تفتیش جاری ہے۔ زیر حراست جن افراد کے خلاف ثبوت ہوں گے، ان کو مقدمات میں نامزد کیا جائے گا۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ کسی بے قصور کو مقدمے میں نامزد نہیں کیا جائے گا، ڈمپرز جلانے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لی ہیں اور مزید شواہد جمع کیے جا رہے ہیں۔
اس حوالے سے ایس ایس پی انوسٹی گیشن انعم تجمل نے بتایا کہ پولیس اس واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون کے مطابق کارروائی کر رہی ہے، ثبوت کی روشنی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے گا۔ زیر حراست کسی بھی شخص کی کو ڈمپرز جلانے کے مقدمے میں تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔
زیر حراست کئی نوجوانوں کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ہمارے بچے بے قصور ہیں اور ان کا ڈمپر جلائے جانے سے کوئی تعلق نہیں، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے اور ہمارے بچوں کو فی الفور رہا کیا جائے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ان دونوں مقدمات میں گرفتار ملزمان کو پولیس متعلقہ عدالت میں پیش کرے گی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کیا جائے
پڑھیں:
کراچی؛ نشے میں دھت ڈرائیور نے فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر گاڑی چڑھا دی، 2 جاں بحق، 4 شدید زخمی
کراچی:نشے میں دھت ڈرائیور نے فٹ پاتھ پر سوئے افراد پر گاڑی چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 شدید زخمی ہو گئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کلفٹن کے علاقے میں عبداللہ شاہ غازی مزار کے قریب تیز رفتار گاڑی ڈرائیورسے بے قابوہونے کے بعدایک موٹر سائیکل سوار کو روندتی ہوئی فٹ پاتھ پرسوئے افراد پر چڑھ گئی، جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
زخمیوں میں خود گاڑی کا ڈرائیوراوراس کا ساتھی بھی شامل ہے ۔ پولیس کا دعویٰ ہےکہ گاڑی کا ڈرائیورنشے میں دھت تھا۔ پولیس نے زخمی ڈرائیورکوحراست میں لے کر حادثے کی تفتیش شروع کردی ہے۔
پیرکی صبح بوٹ بیسن تھانے کی حدود کلفٹن بلاک 4 عبداللہ شاہ غازی مزار آئی کون ٹاور کے قریب انتہائی تیزرفتارسفید رنگ کی ٹویوٹا کرولا گاڑی رجسٹریشن نمبربی آر ٹی 926 ڈرائیورسے بےقابوہونے کے بعد ایک موٹر سائیکل سوار کو روندتی ہوئی فٹ پاتھ پرسوئے افراد پر چڑھ گئی۔ حادثے میں گاڑی اور ایک موٹر سائیکل مکمل تباہ ہو گئی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھا کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت کریم اورشبیر احمد کے نام سے کی گئی جب کہ زخمیوں میں مدثر ولد غلام یاسین ، شکیل ولد مزمل، طاہر علی ولد خدا بخش اور احد شامل ہیں ۔
ایس ایچ او بوٹ بیسن راشد علی نے ایکسپریس کو بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دونوں افراد اور ایک زخمی شخص فٹ پاتھ پر سو رہے تھے۔ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔ گاڑی میں 2 افراد احد اورطاہر علی سوار تھے۔ گاڑی کا ڈرائیو احد نشے میں دھت تھا جب کہ گاڑی طاہر علی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
انہوں نے مزید بتایاکہ گاڑی کی رفتار بہت زیادہ تھی، جس کے باعث گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہونے کے بعد ایک موٹر سائیکل سوار کو روندتی ہوئی فٹ پاتھ پرسوئے ہوئے افراد پرچڑھ گئی۔ حادثے میں گاڑی میں سوار افراد بھی شدید زخمی ہوئے ۔
حادثے میں موٹر سائیکل سوارکا اب تک کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے اور پولیس اسے تلاش کر ہی ہے جب کہ پولیس حادثے سےمتعلق مزید معلومات بھی اکٹھا کر رہی ہے ۔