حکومتِ پنجاب کا دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کرانے کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
لاہور:
حکومت پنجاب کی میزبانی میں دوسری انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ نومبر میں کرانے کا کا اعلان کر دیا گیا۔باکسر محمد وسیم اپنے ڈبلیو بی اے ورلڈ ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔
گرینڈ ایونٹ کی افتتاحی پریس کانفرنس لاہور میں بین الاقوامی شہرت کے حامل پاکستانی باکسر محمد وسیم کی موجودگی میں کی گئی جس میں پنجاب اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل محمد خضر افضال اور جنرل سیکریٹری پاکستان باکسنگ فیڈریشن عرفان یونس نے بھی شرکت کی۔
اس سے قبل پہلی انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ کوئٹہ میں ہوئی تھی۔ اس چیمپئن شپ میں ملکی اور غیرملکی معروف باکسرز ایکشن میں ہوں گے۔ باکسر محمد وسیم کے مطابق دنیا بھر میں وطن عزیز کی نمائندگی کرنے پر فخر ہے۔ ایسے بڑے اسپورٹس ایونٹس کی بدولت پاکستان میں اور کئی وسیم ابھر کر سامنے آئیں گے اور ملک کا نام روشن کریں گے۔
منتظمین کےمطابق یہ چیمپئن شپ صرف ایک مقابلہ نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے عزم و ہمت، محنت، قوتِ برداشت اور قوتِ ارادی کا مظہر ہو گا۔
ڈی جی پنجاب اسپورٹس بورڈ خضر افضال کا کہنا تھا کہ میگا اسپورٹس ایونٹ کھیلتا پنجاب پروگرام کے ویژن کا عکاس ہے۔ پاکستان کے نوجوانوں میں باکسنگ تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ یہ چیمپئن شپ اس اہم بین الاقوامی کھیل کے فروغ اور نوجوان نسل کے شوق اور صلاحیتوں کو نئی جلا بخشے گا۔
پریس کانفرنس میں موجود غیرملکی باکسنگ ماہرین نے کہا کہ محمد وسیم جیسے چیمپئن پاکستان کی عالمی سطح پر پہچان ہیں، گرینڈ ایونٹ عالمی سطح پر پاکستان کا امن اور ترقی پسندانہ امیج اجاگر کرے گا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: چیمپئن شپ
پڑھیں:
ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ: ارشد ندیم کی مایوس کن کارکردگی، کوچ سے وضاحت طلب
اولمپئن ارشد ندیم کی ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مایوس کن کارکردگی پر پاکستان ایتھلیٹکس فیڈریشن نے کوچ سلمان اقبال بٹ سے وضاحت طلب کرلی۔
اس حوالے سے سلمان اقبال بٹ کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ جس میں ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے سلمان اقبال بٹ سے پانچ اکتوبر تک تحریری رپورٹ طلب کرلی ہے۔سلمان اقبال بٹ کو رپورٹ میں 10 مختلف معاملات پر رپورٹ میں وضاحت دینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
رپورٹ میں ارشد ندیم کی ستمبر 2024 سے اگست 2025 تک ٹریننگ کی تفصیلات مانگی گئی ہیں ۔اس دوران ٹریننگ پروگرام میں کس کس ماہر کوچ کی معاونت حاصل کی گئی۔ ایک سال میں ارشد ندیم کی بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے حوالے سے کیا حکمت عملی بنائی گئی۔
ڈائمنڈ لیگ کے کسی بھی ایڈیشن میں ارشد ندیم کی شرکت نہ ہونے کی وضاحت کی جائے ۔ایک سال میں کس کس غیر ملکی کوچ اور ٹرینر سے رابطہ کیا گیا اس کی تفصیلات کا حساب بھی مانگا گیا ہے۔ایک سال میں ارشد ندیم کی ہائی پرفارمنس ٹریننگ کی تفصیلات بھی جمع کارنے کی ہدایات مانگی گئی ہیں۔
ایک سال میں ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان یا کسی اور نیشنل انسٹیٹیوشن سے کوئی رابطہ کیا تو اس کی تفصیلات بھی دینے کا پابند کیا گیا ہے۔ارشد ندیم کی صحت اور فٹنس کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل کرنے کا کہا گیا ہے۔
ارشد ندیم کے طبی مسائل ان کا علاج اور بحالی پروگرام کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔اگر کوئی اہم اقدام کیا گیا ہے تو اس کی تفصیلات بھی رپورٹ میں شامل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ارشد ندیم کے مستقبل کی حکمت عملی کے ساتھ ساتھ آگے بڑھنے اور دوبارہ کامیابی کی راہ پر گامزن ہونے کے لیے تجاویز اور پلان بھی طلب کیا گیا۔
ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے سلمان اقبال بٹ سے مانگی گئی رپورٹ کے حوالےسے پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھی آگاہ کردیا ہے۔