پشاور+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پشاور ہائیکورٹ نے سینٹ اور قومی اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری روکنے کا حکم دے دیا۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس ارشد علی اور جسٹس خورشید اقبال پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے عمر ایوب اور شبلی فراز کو  الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈی نوٹی فائی کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت  کی۔ عدالت نے سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینٹ کو دونوں ایوانوں میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے روک دیا۔ عدالت نے الیکشن کمشن اور دیگر کو نوٹس جاری کر دیئے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمشن کسی ممبر کو نااہل نہیں کر سکتا۔ دوسری جانب انسداد دہشتگردی عدالت لاہور نے تھانہ شادمان کو آگ لگانے سمیت دو مقدمات کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ عدالتی فیصلے کے مطابق عدالت نے تمام مجرموں کو قید بامشقت کی سزا سنائی اور حکم دیا کہ مجرموں کو تمام سزائیں ایک ساتھ کاٹنی ہوں گی۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری، محمود الرشید، عمر سرفراز اور یاسمین راشد کی جائیدادیں ضبط کرنے کا بھی حکم دیا۔ جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے نو مئی جلائو گھیرائو کے دو مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے 9مئی کے 2کیسز میں راحت بیکری کے باہر جلائو گھیرائو اور تھانہ شادمان جلائو گھیرائو کے مقدمہ میں رہائی کا مراسلہ جاری کیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل کو ملزم کی رہائی کا مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اگر ملزم شاہ محمود قریشی کسی اور مقدمے میں مطلوب نہیں تو رہا کیا جائے۔ پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی 6مقدمات میں عبوری ضمانت پر ہیں، دیگر مقدمات میں بعد از گرفتاری ضمانت منظور ہو تو رہائی ممکن ہوگی۔ عدالت نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ عالیہ حمزہ اور صنم جاوید سوشل میڈیا پر انتشار انگیز پوسٹ کرتی رہیں۔ دونوں کے موبائل فونز سے چیزیں ریکور بھی ہوئیں ہیں۔ صنم جاوید سوشل میڈیا پر کافی اثر رکھتی ہیں جبکہ عالیہ حمزہ بھی سینئر پی ٹی آئی کی لیڈر ہیں۔ دونوں کے پوسٹیں اور ویڈیو کلپ یو ایس بی سے پولیس اہلکاروں نے ریکور کیے۔ دونوں خواتین ملزمان کو ضمنی بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا، ہم اس کو جعلی ریکوری نہیں کہہ سکتے، عدالت عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو پانچ سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سناتی ہے۔ پی ٹی آئی لیڈرز نے مؤقف اختیار کیا کہ نو مئی کو ہم نے قانون کو ہاتھ میں لیا نہ جلاؤ گھیراؤ کیا بلکہ قانون کے مطابق احتجاج کیا۔ عدالت نے لکھا کہ نو مئی کو پورے ملک کے سرکاری تنصیبات پر حملے کیے گیے، تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں استغاثہ نے اپنا کیس ثابت کیا ہے جبکہ پراسیکیوشن میاں محمود الرشید پر قتل کا الزام ثابت نہیں کر سکی۔ گواہوں کے مطابق میاں محمود الرشید 9 مئی کے روز موقع پر موجود تھے اور 11 لوگوں نے یہ گواہی دی کہ انہوں نے نے اپنے پستول سے سیدھی فائرنگ کی۔ جرح کے دوران ملزم کا پستول ریکور کیا گیا۔ عدالت نے صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے فیصلے میں لکھا کہ ملزمان ضمانت پر تھے پہلے پیش ہوتے رہے مگر فیصلہ سننے کے لیے پیش نہیں ہوئے۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے حتمی بیانات ان کے وکیل نے دیے۔  عدالت نے ایس ایچ او شادمان ٹاؤن کو تحریری فیصلے میں حکم دیا کہ وہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو گرفتار کرکے جیل بھیجیں۔

.

ذریعہ: Nawaiwaqt

کلیدی لفظ: صنم جاوید اور عالیہ حمزہ فیصلے میں عدالت نے کے مطابق

پڑھیں:

یاسمین راشد ‘ محمودالرشید اعجاز چودھری عمر چیمہ ‘ عالیہ حمزہ ، صنم جاوید اور دیگر: 9مئیمقدمات : مزید افراد کو سزا

لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کو شادمان تھانہ جلاؤ گھیراؤ اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات سے بری کر دیا گیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے دونوں کیسز کا فیصلہ سنا دیا۔ ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز چودھری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10، 10 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ خاتون رہنماؤں عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو 5، 5 سال قید کی سزا سنائی گئی اور ایک ایک لاکھ جرمانہ کیا گیا ہے۔  تھانہ شادمان جلانے کے مقدمہ میں 12 ملزموں کو بری کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ بری ہونے والوں میں سلمان احمد، عبدالقادر، فیضان، طیب سلطان، شاہد بیگ، ماجد علی، بخت رواں، سہیل خان، اویس، رفیع الدین، فرید خان شامل ہیں۔ اے ٹی سی لاہور کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں فیصلہ سنایا۔ تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 19 ملزموں کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔ ملزموں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمود الرشید، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ شامل ہیں۔ تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں کل 41 ملزم نامزد ہیں جبکہ 15 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں۔ تھانہ شادمان نذر آتش کیس میں 6 ملزم زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے۔ ملزموں کے خلاف دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔ بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے کا ٹرائل کوٹ لکھپت جیل میں مکمل کیا گیا۔ ملزموں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد شامل ہیں۔ بیکری کے باہر گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چودھری، میاں محمودالرشید، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید بھی شامل ہیں۔ گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں کل 25 ملزم نامزد ہیں جبکہ 7 ملزم اشتہاری قرار دیئے جا چکے ہیں،  12 ملزموں کا ٹرائل مکمل کیا گیا۔  5 ملزم زیر حراست جبکہ ایک ملزم وفات پا چکا ہے۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے گارڈ حافظ ارشد کو 10 سال قید کی سزا سنائی۔ بیکری کے باہر پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمے میں 10 ملزمان کو بری کیا گیا۔ عدالت نے عائشہ بھٹہ کو 10 سال قید کی سزا کا حکم دیا۔ ادھر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 5 اگست احتجاج پر پی ٹی آئی کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے 9 مئی مقدمات کے فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا۔ پی ٹی آئی ترجمان شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ سینئر قیادت اور کارکنوں کو سنائی گئی سزائیں انصاف اور عدل کے منہ پر ایک طمانچہ ہیں۔ یہ فیصلے قانونی اصولوں اور منصفانہ ٹرائل کے تمام تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے سیاسی انتقام کی بنیاد پر دیے گئے ہیں اور یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ ان مقدمات میں شفافیت کو یکسر بالائے طاق رکھا گیا اور ملزموں کو اپنے دفاع کا موقع تک نہیں دیا گیا۔ ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ قانونی تقاضے پورے کئے بغیر دیر رات تک بند کمروں میں ٹرائل چلائے گئے جن کا مقصد اس کارروائی کو عوام اور میڈیا کی نظروں سے بچا کر مطلوبہ نتائج حاصل کرنا تھا۔ ملک کی مقبول ترین سیاسی رہنما جو مکمل پرامن  اور قانون کی پاسداری کرنے والے پاکستانی ہیں، ان پر دہشتگردی کے الزامات لگا کر سزا دینا آئین اور انصاف دونوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔ ایک طے شدہ سکرپٹ کے تحت یکے بعد دیگرے سنائے جانے والے ناحق فیصلوں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان فیصلوں کا مقصد صرف اور صرف تحریک انصاف کو دیوار سے لگانا اور اس کی قیادت اور کارکنوں کو خوفزدہ کرنا ہے۔ تحریک انصاف ان تمام غیر منصفانہ فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرے گی اور  آخری سانس تک انصاف کی لڑائی لڑے گی۔

متعلقہ مضامین

  • صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری
  • 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس کا تحریری فیصلہ جاری، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ کو گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا حکم 
  • عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہو گئے
  • 9 مئی جلاؤ گھیراؤ کیس کا تحریری فیصلہ جاری،صنم جاوید اورعالیہ حمزہ کو گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا حکم
  • نومئی جلاو گھیراو کیس کا تحریری فیصلہ جاری،صنم جاوید اورعالیہ حمزہ کو گرفتار کر کے جیل بھیجنے کا حکم
  • پشاور ہائی کورٹ کا سینیٹ اور قومی اسمبلی کے نئے اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روکنے کا حکم
  • پشاور ہائیکورٹ: سینیٹ اور قومی اسمبلی میں نئے اپوزیشن لیڈر کی تقرری روکنے کا حکم
  • پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی اور سینٹ میں اپوزیشن لیڈرز کی تقرری روک دی
  • یاسمین راشد ‘ محمودالرشید اعجاز چودھری عمر چیمہ ‘ عالیہ حمزہ ، صنم جاوید اور دیگر: 9مئیمقدمات : مزید افراد کو سزا