عمران عباس مرد ہی نہیں لگتے؛ ببرک شاہ کے بیان پر اداکار کا جواب سامنے آگیا
اشاعت کی تاریخ: 25th, August 2025 GMT
عمران عباس نہ صرف بھارتی فلم انڈسٹری میں بھی کام کرچکے ہیں بلکہ دنیا بھر میں 9 ملین انسٹاگرام فالوورز رکھنے کے باعث سوشل میڈیا اسٹار بھی سمجھے جاتے ہیں اور آج کل ایک متنازع معاملے پر پھر سے زیرِ بحث ہیں۔
اس معاملے کا آغاز اداکار ببرک شاہ کے ایک انٹرویو سے ہوا جس میں انھوں نے ساتھی اداکاروں کی ’ریٹنگ‘ کے حوالے سے پوچھے گئے سوالات کے جواب دیئے۔
جب میزبان نے ببرک شاہ سے عمران عباس کی اداکاری پر تبصرہ مانگا تو انھوں نے کہا کہ عمران عباس فلمی دنیا کے لیے موزوں نہیں ہیں بلکہ وہ تو مرد بھی نہیں لگتے۔
ببرک کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا اور کسی نے اسے غیرمناسب طنز تو کسی نے غیر ضروری تنقید قرار دیا تھا۔
تاہم اداکار عمران عباس نے اس بیان پر چپ سادھے رکھی تھی لیکن اب بالآخر ان کا بیان سامنے آ ہی گیا۔
اداکار عمران عباس نے کہا کہ مجھے نفرت اور تنقید کی پرواہ نہیں کیونکہ اللہ نے مجھے میری اوقات سے بڑھ کر کامیابیاں دی ہیں۔
عمران عباس نے کہا کہ جو لوگ دوسروں سے نفرت کرتے ہیں، اصل میں وہ خود ناکامی اور محرومی کا شکار ہوتے ہیں۔
اداکار نے ببرک شاہ کا نام لیے بغیر کہا کہ ایسے لوگ جن کی زندگی میں کوئی نمایاں کامیابی نہیں ہوتی، وہ دوسروں کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
عمران عباس نے آخر میں یہ بھی کہا کہ ہمیں ایسے لوگوں کے لیے دعا کرنی چاہیے کہ اللہ انہیں ہدایت دے۔
عمران عباس کے مداحوں نے ان کے اس مثبت اور پُراعتماد جواب کو خوب سراہا اور کہا کہ یہی رویہ ایک بڑے اسٹار کی پہچان ہوتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی کی سڑکوں پر گاڑی چلانے پر عوام کیلئے جرمانہ نہیں انعام ہونا چاہیے، نبیل ظفر
معروف اداکار نبیل ظفر کا کہنا ہے کہ کراچی کی سڑکوں پر گاڑی چلانے پر جرمانہ نہیں ہونا چاہیے بلکہ انعام ہونا چاہیے، یہ عوام کا مطالبہ ہے۔
سوشل میڈیا پر ای چالان سسٹم پر تبصرہ کرتے ہوئے نبیل ظفر نے کہا کہ کراچی جیسے شہر میں اگر کوئی ٹریفک، گڑھوں اور سڑکوں کی حالت کے باوجود اپنی گاڑی کو بحفاظت منزل تک پہنچانے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو اسے جرمانہ نہیں بلکہ انعام دیا جانا چاہیے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کراچی کے لوگوں کو روزانہ ٹریفک جام، ٹوٹی پھوٹی سڑکوں اور لاپرواہ ڈرائیورز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس کے باوجود وہ صبر اور حوصلے کے ساتھ اپنی گاڑیاں چلاتے ہیں جو کہ واقعی قابل تعریف ہے۔
یاد رہے کہ سندھ حکومت نے شہر قائد کی مختلف شاہراہوں پر ای چالان سسٹم کا نفاذ کیا ہے جس کے باعث ہزاروں شہریوں کے گھر چالان پہنچ چکے ہیں۔ عوام سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے یہ سسٹم بند کرنے اور پہلے خستہ حال سڑکوں کو بہتر کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔