صدر زرداری کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں پر اظہار افسوس، متاثرین کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 27th, August 2025 GMT
صدرِ آصف علی زرداری نے پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں وہ تنہا نہیں — پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ سیلاب اور طغیانی سے جن خاندانوں کو جانی یا مالی نقصان پہنچا ہے، ہم ان کے درد کو محسوس کرتے ہیں۔ خصوصاً ان کسانوں کے لیے ہمدردی کے جذبات کا اظہار کیا جن کی فصلیں اور مویشی سیلاب کی نذر ہو گئے۔
انہوں نے مسلح افواج، ریسکیو اہلکاروں اور دیگر اداروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں پاک فوج اور امدادی اداروں نے جس جرات، عزم اور انسانی خدمت کا مظاہرہ کیا، وہ قابلِ فخر اور لائقِ تحسین ہے۔
صدرِ مملکت نے سندھ حکومت کو آئندہ ممکنہ بڑے سیلابی ریلے کے پیش نظر فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور یقین دلایا کہ وفاقی سطح پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
صدر آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ جیسے قوم نے 2010 اور 2022 کے تباہ کن سیلابوں کا حوصلے سے مقابلہ کیا، ویسے ہی اس بار بھی اتحاد، یکجہتی اور قربانی کے جذبے سے سرخرو ہوگی۔ ہم ایک بہادر قوم ہیں، مشکلات وقتی ہیں، لیکن ہمارا عزم مستقل ہے۔”
ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ
فوٹو سوشل میڈیاامریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے قصور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
پاکستان میں امریکی سفارت خانہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق نیٹلی بیکر نے قصور میں ریلیف کیمپوں میں متاثرہ خاندانوں اور ریسکیو ورکرز سے ملاقات کی۔
امریکی سفارتخانہ کے مطابق امریکی ناظم الامور نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کی کوششوں میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
نیٹلی بیکر کی لاہور میں ریلیف کمشنر پنجاب نبیل جاوید سے بھی ملاقات ہوئی، امریکی ناظم الامور نے ہنگامی صورتحال پر امریکی امداد کو اجاگر کیا۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ قصور کی ضلعی انتظامیہ کی مربوط حکمت عملی سے انسانی زندگیوں کو محفوظ کیا گیا۔
امریکی سفارتخانہ کے مطابق امریکی ناظم الامور نے امدادی کارکنوں کی انتھک محنت کو خراج تحسین پیش کیا، امریکی ناظم الامو نے قصور میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی کا ماڈل شاندار قرار دیا۔
امریکی ناظم الامور نے لاہور میں اپٹما کے اراکین سے بھی ملاقات کی۔ امریکی وفد نے نوجوان پروفیشنلز سے مختلف شعبوں میں تبادلہ خیال کیا۔