شوہر کی خودکشی نے زندگی کا سب سے بڑا سبق دیا،ریکھا
اشاعت کی تاریخ: 1st, September 2025 GMT
ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ کی ایورگرین اداکارہ ریکھا کا ایک پرانا انٹرویو دوبارہ وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنے شوہر مکیش اگروال کی خودکشی کو اپنی زندگی کا سب سے بڑا سبق قرار دیا تھا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکھا نے 1990 میں صنعت کار مکیش اگروال سے شادی کی تھی۔ یہ شادی چند مہینوں کی ملاقات کے بعد انجام پائی اور توقع کی جا رہی تھی کہ ریکھا کی زندگی میں استحکام آجائے گا، مگر ایسا نہ ہو سکا۔
شادی کے کچھ ہی عرصے بعد دونوں کے تعلقات میں دراڑیں پیدا ہو گئیں۔ ریکھا کے مطابق لندن کے ہنی مون کے دوران ہی یہ بات واضح ہو گئی تھی کہ دونوں کی سوچ اور مزاج یکسر مختلف ہیں۔ صرف چند ماہ بعد ہی علیحدگی کا فیصلہ کر لیا گیا تھا۔ ریکھا کے بقول طلاق کا خیال سب سے پہلے مکیش نے پیش کیا تھا۔
اسی دوران مکیش اگروال نے اچانک خودکشی کر لی جس کا الزام براہِ راست ریکھا پر لگا۔ بھارتی میڈیا اور عوامی حلقوں میں انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور بعض حلقوں نے انہیں ’چڑیل‘ جیسے الفاظ سے بھی نوازا۔
ریکھا نے طویل خاموشی کے بعد 2004 میں سمی گریوال کو انٹرویو دیتے ہوئے پہلی بار اس واقعے پر کھل کر بات کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا: “مکیش کی موت نے مجھے زندگی کا سب سے بڑا سبق دیا۔ اس نے مجھے دنیا کی حقیقت سمجھا دی۔”
اداکارہ نے مزید کہا کہ شوہر کی موت کے بعد وہ صدمے، انکار، غصے اور خود ترسی جیسے مراحل سے گزریں اور آخرکار حقیقت کو قبول کیا۔ ریکھا نے واضح کیا کہ شادی محبت کی بنیاد پر نہیں تھی بلکہ یہ زیادہ تر ایک اریج میرج تھی جس میں وہ مکیش کو اجنبی ہی محسوس کرتی رہیں۔
ریکھا کے مطابق اس سانحے نے انہیں بدل کر رکھ دیا اور اس کے بعد انہوں نے دوبارہ شادی نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے پر شدید دباؤ کے بعد ریکھا کو ایک انٹرویو کا اہتمام بھی کرنا پڑا تھا جس کا عنوان تھا: “میں نے مکیش کو قتل نہیں کیا”۔
آج بھی اس سانحے کو ریکھا کی ذاتی زندگی کا سب سے مشکل مگر اہم موڑ سمجھا جاتا ہے، جس نے ان کی شخصیت اور فیصلوں کو نئی سمت دی۔
Post Views: 6.ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: زندگی کا سب سے کے مطابق کے بعد
پڑھیں:
کالے جادو سے انکار پر شوہر نے کھولتا سالن بیوی کے چہرے پر انڈیل دیا
بھارتی ریاست کیرالہ کے ضلع کولم میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے کالا جادو کے عمل میں شریک ہونے سے انکار پر اپنی بیوی کے چہرے پر گرم مچھلی کا سالن انڈیل دیا۔
واقعے میں خاتون بری طرح جھلس گئیں اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کے مطابق ملزم موقع سے فرار ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی صبح تقریباً 10 بجے پیش آیا، 36 سالہ متاثرہ خاتون کے شوہر نے مبینہ طور پر ایک عامل سے ملاقات کی اور گھر واپس آ کر اپنی بیوی سے کہا کہ وہ بال کھول کر اس کے سامنے بیٹھے تاکہ وہ اس کے گلے میں تعویز ڈال سکے اور راکھ لگا سکے۔
خاتون کے انکار پر شوہر نے غصے میں آ کر چولہے پر پک رہی مچھلی کی گرم گریوی اس کے چہرے پر پھینک دی، جس سے وہ چہرے اور گردن سے جھلس گئی، خاتون کی چیخیں سن کر پڑوسی مدد کے لیے پہنچے اور انہیں نجی اسپتال منتقل کیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم کا یقین تھا کہ اس کی بیوی پر جنات یا بدروح کا سایہ ہے، اور وہ ماضی میں بھی اسے کئی بار تشدد کا نشانہ بنا چکا ہے، متاثرہ خاتون نے اس سے قبل بھی اپنے شوہر کے خلاف مارپیٹ کی شکایت درج کروائی تھی، تاہم بعد میں اسے صرف وارننگ دے کر چھوڑ دیا گیا۔
متاثرہ خاتون نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ اس کا شوہر اکثر ایک عامل کے پاس جاتا تھا جو کالا جادو کرتا تھا اور اسے بیوی پر راکھ لگانے اور تعاویز پہننے کے لیے کہتا تھا۔
پولیس نے ملزم کے خلاف خطرناک ہتھیار یا ذریعے سے نقصان پہنچانے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے اور اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔