معرکہ حق میں کامیابیاں پاک فضائیہ کی صلاحیت کا ثبوت ہیں، ایئر چیف مارشل
اشاعت کی تاریخ: 7th, September 2025 GMT
راولپنڈی : ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاک فضائیہ کی خلا، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجیز کے میدان میں صلاحتیں مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا یومِ شہدا آج ملک بھر کے تمام پی اے ایف بیسز پر عقیدت و احترام سے منایا گیا، دن کا آغاز قرآن خوانی سے ہوا جس میں 1965 اور 1971 کی جنگوں کے شہدا کیلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا، چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ یومِ شہدا قربانی، حوصلے اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی علامت ہے، پاکستان ایئر فورس تیزی سے بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال میں اپنے مشن پر پوری یکسوئی سے کاربند ہے۔
ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ معرکہ حق (بنیان مرصوص) میں کامیابیاں ایئر فورس کی صلاحیت اور عزم کا ثبوت ہیں، شہدا کی قربانیاں ہماری آنے والی نسلوں کیلیے مشعلِ راہ ہیں، ہم اپنے شہدا کے مقروض ہیں ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ایئر چیف مارشل نے کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ان کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو جائز و مقامی قرار دیا۔ خطاب کے اختتام پر ایئر چیف نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایئر فورس خلا، الیکٹرانک وارفیئر اور سائبر ٹیکنالوجیز کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کو مزید بڑھائے گی۔
تقریب کے بعد چیف آف ایئر اسٹاف نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے، شہدا کے درجات کی بلندی کیلیے فاتحہ خوانی بھی کی۔
ذریعہ
ذریعہ: Daily Mumtaz
کلیدی لفظ: ظہیر احمد بابر سدھو ایئر چیف مارشل ایئر فورس
پڑھیں:
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بلوچستان میں پائیدار امن کے عزم کا اعادہ
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی بھرپور حمایت سے بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد، استحکام اور ثابت قدمی کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے اور یہ صوبہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے۔ ان کے مطابق بلوچستان کے محب وطن، باصلاحیت، باہمت اور ثابت قدم عوام ہی اس صوبے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صوبے کی سماجی اور معاشی ترقی کو یقینی بنانا، عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانا اور خوشحالی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کے تعاون سے بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی یہی مشترکہ کاوشیں صوبے میں پائیدار امن کی بنیاد بنیں گی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گے اور یہ کارروائیاں دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ہر قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی اور ملکی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہیں گی۔