سندھ بلڈنگ ،ماڈل کالونی غیر قانونی تعمیرات کا گڑھ بن گیا
اشاعت کی تاریخ: 19th, September 2025 GMT
سمیع جلبانی اور ذوالفقار بلیدی مافیا کے سرپرست ،اعلیٰ حکام خاموش تماشائی
علاقہ مکینوں کا احتجاج شدت اختیار کرنے لگا،قومی خزانے کو اربوں کا نقصان
ماڈل کالونی میں غیر قانونی تعمیرات کا سیلاب امڈ آیا ہے ، جہاں بغیر نقشے اور منظوری کے دھڑلے سے عمارتیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ مقامی شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ اس مکروہ دھندے کے پیچھے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر سمیع جلبانی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر ذوالفقار بلیدی کا گٹھ جوڑ ہے ، جو بلڈر مافیا کے سہولت کار بنے ہوئے ہیں۔جرأت سروے ٹیم کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق خطیر رقم بٹورنے کے بعد تعمیراتی مافیا کو کھلی چھوٹ فراہم کی گئی ہے ۔ قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ رہائشی علاقوں میں تجارتی تعمیرات نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنادی ہے ۔شیٹ نمبر 1پلاٹ 50/4 جبکہ شیٹ نمبر 5 کے پلاٹ 44/5 پر بغیر اندراج کے جاری خلاف ضابطہ تعمیرات کو انتظامیہ کی سرپرستی حاصل ہے ۔گزشتہ روز علاقہ مکینوں نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور الزام لگایا کہ اعلیٰ افسران کی سرپرستی کے بغیر یہ سب کچھ ممکن ہی نہیں۔ مظاہرین نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی اور دیگر حکام کو بھی نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی خاموشی دراصل ملی بھگت کا واضح ثبوت ہے ۔احتجاجی شہریوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری کارروائی نہ کی گئی تو احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا اور ذمہ داران کو عوامی عدالت میں جواب دینا پڑے گا۔عوامی حلقوں نے واضح اعلان کیا ہے کہ ماڈل کالونی کو مافیا کے ہاتھوں یرغمال نہیں رہنے دیا جائے گا۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
سہیل آفریدی کا درختوں کی کٹائی پر زیرو ٹالرنس اور ٹمبر مافیا کیخلاف کارروائی کا حکم
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے درختوں کی کٹائی پر زیرو ٹالرنس اور ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ ماحولیاتی تبدیلی، جنگلات و جنگلی حیات کا اہم اجلاس ہوا۔دوران اجلاس وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے درختوں کی کٹائی پر زیرو ٹالرنس، ٹمبر مافیا کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جنگلات قوم کی امانت ہیں، ان کی لوٹ مار برداشت نہیں کی جائے گی، درختوں کی غیر قانونی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات درج ہوں گے۔انہوں نے غیر قانونی شکار کے خلاف بھی بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کی تجارت میں ملوث افراد کو فورا گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت جنگلی حیات کے تحفظ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنائے گی، جنگلات اور جنگلی حیات کے تحفظ کیلئے سخت ترین قانونی اصلاحات اور سزاؤں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے،قانون کی خامیوں کے باعث قومی وسائل کی لوٹ مار ناقابل برداشت ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے قانون میں موجود سقم کی نشاندہی کر کے نئی تجاویز پیش کریں، درختوں اور جنگلی حیات کے تحفظ کے قوانین کو مزید مؤثر بنایا جائے۔