عالمی برادری اسرائیل، بھارت کی جارحیت اور مظالم فوری بند کرائے: بلاول
اشاعت کی تاریخ: 22nd, September 2025 GMT
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ امن صرف تنازعات کی غیر موجودگی نہیں بلکہ انصاف، مساوات اور اقوام کے درمیان باہمی احترام کا نام ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے رواں سال کے تھیم کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اسرائیل اور بھارت کی بلا روک ٹوک جارحیت اور مظالم کو فوری طور پر بند کرائے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کی فوجی کارروائیاں نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ ان کے بقول "اسرائیلی افواج کے غزہ میں مظالم اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت انسانیت کے ضمیر پر ایک دائمی زخم ہیں، جنہیں دنیا کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔"انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وڑن کے مطابق امن، جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتی رہی ہے۔ "امن خوشحالی کی بنیاد ہے، جس کے بغیر جمہوریت کمزور، انصاف ماند اور انسانی روح زخمی ہو جاتی ہے۔"چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر پاکستان کے بانیوں اور پارٹی کی شہید قیادت کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ "ہمارے بزرگوں نے وقار، انصاف اور امن پر مبنی وطن کا خواب دیکھا اور اس کے لیے لازوال قربانیاں دیں۔"
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
صدر زرداری اور بلاول بھٹو کا چین کا دورہ تاریخی کامیابی ہے، ناصر حسین شاہ
ایک بیان میں وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جبکہ مخالفین صرف بیانات کی سیاست کرتے ہیں، ان کے بقول عوامی خوشحالی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور مخالفین کو عوامی ترقی ہضم نہیں ہوتی۔ اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر توانائی و ترقی و منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا چین کا دورہ تاریخی کامیابی ہے، جس کے مثبت اثرات سندھ سمیت پورے ملک کی ترقی پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے بڑے منصوبے چین کے تعاون سے عملی شکل اختیار کریں گے، جن میں تھر کول، کراچی سرکلر ریلوے، ماس ٹرانزٹ اور اکنامک زونز شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف صوبے کی معیشت میں انقلاب آئے گا بلکہ روزگار کے ہزاروں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے جبکہ مخالفین صرف بیانات کی سیاست کرتے ہیں، ان کے بقول عوامی خوشحالی پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے اور مخالفین کو عوامی ترقی ہضم نہیں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات کو نئی وسعت دینے کا سہرا صدر زرداری اور بلاول بھٹو کے سر ہے، جنہوں نے پاکستان کا وقار بلند کیا۔ ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ تھر کول اور اکنامک زونز سندھ کی معیشت کو بدل دیں گے اور کراچی سرکلر ریلوے سمیت دیگر بڑے منصوبے جلد حقیقت کا روپ دھاریں گے۔