پاکستان کشمیری عوام کا وکیل، مسئلہ کشمیر کا اہم فریق اور ان کی امیدوں کا محور و مرکز ہے، عزیز غزالی
اشاعت کی تاریخ: 22nd, September 2025 GMT
میڈیا کے نام جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ اقوامِ متحدہ اور او آئی سی جیسے عالمی فورمز پر پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور وکالت کی، جبکہ بھارت کے جبر و استبداد کے سامنے ایک آہنی دیوار بن کر کھڑا رہا۔ اسلام ٹائمز۔ پاسبانِ حریت جموں و کشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کا وکیل، مسئلہ کشمیر کا اہم فریق اور ان کی امیدوں کا محور و مرکز ہے۔ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور تاریخی کردار کشمیری عوام کے لیے ہمیشہ حوصلہ افزا اور رہنمائی کا ذریعہ رہا ہے۔عزیر احمد غزالی نے میڈیا کے نام جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ اقوامِ متحدہ اور او آئی سی جیسے عالمی فورمز پر پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور وکالت کی، جبکہ بھارت کے جبر و استبداد کے سامنے ایک آہنی دیوار بن کر کھڑا رہا۔ پاکستان کے ہزاروں نوجوانوں نے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے، جسے کشمیری عوام کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ پاکستانی عوام دکھ سکھ میں کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا، جبکہ سید علی گیلانی نے ''ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے'' کا نعرہ مستانہ بلند کر کے کشمیری عوام کے دلوں کی آواز دنیا تک پہنچائی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان پاکستان کے سبز ہلالی پرچم کو اپنے سینوں پر سجا کر بھارتی فوج کی گولیوں کا سامنا کرتے ہیں۔ شہداء کی قبروں پر یہ پرچم بچھایا جاتا ہے اور نوجوان اسی پرچم پر نمازیں ادا کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کی پاکستان سے والہانہ محبت اور عقیدت اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے مستقبل کو پاکستان کے ساتھ وابستہ سمجھتے ہیں۔چیئرمین پاسبانِ حریت نے مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر آج صرف دو کروڑ کشمیریوں کا نہیں بلکہ جنوبی ایشیاء کے امن و استحکام کا بنیادی مسئلہ ہے۔ جب تک یہ تنازعہ حل نہیں ہوتا خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔ بھارت کے ہٹ دھرمی پر مبنی رویے نے نہ صرف کشمیری عوام کو کچلا بلکہ جنوبی ایشیاء کو ایٹمی خطرات کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلائے۔ اس مسئلے کے حل کے بغیر نہ تو عالمی امن ممکن ہے اور نہ ہی خطے میں ترقی و خوشحالی کے دروازے کھل سکتے ہیں۔ عزیر احمد غزالی نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالیوں اور ریاستی دہشت گردی کے باوجود کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی قبضے کو کبھی قبول نہیں کریں گے۔ دنیا بھر کی جمہوری قوتوں کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کی آواز پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے ان کی جدوجہد آزادی کی حمایت کریں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری عوام کا ایک ہی نعرہ ہے "کشمیر بنے گا پاکستان"، یہ عزم، محبت اور شہداء کی قربانیوں کا تسلسل ہے جو ایک دن ضرور اپنی منزل کو پہنچے گا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: عزیر احمد غزالی نے کشمیری عوام کے نے کہا کہ بھارت کے
پڑھیں:
مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے بغیر دنیا کا امن ادھوار ہے، زرداری
عالمی یومِ امن پر پیغام جاری کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ عالمی یومِ امن محض جنگ نہ ہونے کا نہیں، انصاف و مساوات کے فروغ کا دن ہے، پاکستان عالمی و علاقائی امن میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مسائل حل کیے بغیر دنیا کا امن ادھورا ہے۔ عالمی یومِ امن پر پیغام جاری کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ عالمی یومِ امن محض جنگ نہ ہونے کا نہیں، انصاف و مساوات کے فروغ کا دن ہے، پاکستان عالمی و علاقائی امن میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے دنیا کی متحارب قوتوں کے ساتھ متوازن تعلقات ہیں اور عالمی برادری پاکستان کو مسائل کے حل کا شریکِ کار تسلیم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ عالمی امن اور انصاف کے لیے آواز بلند کی ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے عالمی امن کے لیے جرات مندانہ کردار ادا کیا۔ صدر زرداری نے کہا کہ اقوام متحدہ امن مشنز میں پاکستان کی طویل خدمات ہیں، پاکستان نے آفات اور تنازعات کے متاثرین کی ہمیشہ مدد کی، نوجوان نسل کو برداشت، رواداری اور مکالمے کی اقدار اپنانا ہوں گی۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دنیا ہتھیاروں کے بجائے مکالمے اور تعاون کو ترجیح دے، پاکستان پرامن، انصاف پر مبنی اور پائیدار دنیا کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔