وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے نیو یارک پہنچ گئے
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے نیو یارک پہنچ گئے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ اہم عالمی امور پر پاکستان کا نقطہ نظر پیش کریں گے۔ وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر منعقد کی گئی اعلیٰ سطحی تقریبات میں شرکت کریں گے، جن میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اہم اجلاس، گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی) کی اعلیٰ سطحی میٹنگ اور موسمیاتی کارروائی سے متعلق خصوصی اعلیٰ سطحی تقریب شامل ہیں۔ وزیر اعظم امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ منتخب اسلامی رہنماؤں کی ملاقات میں بھی شرکت کریں گے تاکہ علاقائی اور بین الاقوامی امن و سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔ وزیراعظم اجلاس میں شریک عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے اعلیٰ حکام کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کریں گے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ عالمی رہنماؤں کے اس سب سے بڑے سالانہ اجتماع میں وزیراعظم کی شرکت کثیرالجہتی اور اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کو ظاہر کرے گی اور امن اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے لیے پاکستان کے دیرینہ تعاون کو اجاگر کرے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
شہباز شریف، اقوام متحدہ اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ پہنچ گئے
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر مبذول کرائیں گے، خاص طور پر غزہ میں جاری انسانی بحران کو اجاگر کریں گے اور فلسطینی عوام کی تکالیف ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لئے امریکہ پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف دورہ برطانیہ مکمل کرنے کے بعد امریکہ پہنچے، وزیراعظم اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وزیراعظم امریکا میں اقوام متحدہ کے اہم ترین اجلاس میں شرکت کے علاوہ مسلم راہنماؤں کے ہمراہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات بھی کریں گے۔ شہباز شریف کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے بعد دوبارہ لندن واپسی متوقع ہے جہاں وہ اپنے بڑے بھائی نواز شریف سے ملاقات بھی متوقع ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم اپنے خطاب میں عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کی صورتحال پر مبذول کرائیں گے، خاص طور پر غزہ میں جاری انسانی بحران کو اجاگر کریں گے اور فلسطینی عوام کی تکالیف ختم کرنے کے لیے عملی اقدامات پر زور دیں گے۔ وہ علاقائی سلامتی، ماحولیاتی تبدیلی، دہشت گردی، اسلاموفوبیا اور پائیدار ترقی جیسے اہم امور پر بھی پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نیویارک پہنچ چکے ہیں، ان کا شیڈول خاصا مصروف ہے، وہ وزیراعظم کے ساتھ اہم اجلاسوں میں شریک ہونے کے علاوہ متعدد وزارتی و اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی کریں گے اور اپنے ہم منصبوں سے درجن سے زائد دوطرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔ قبل ازیں شہباز شریف نے دورہ برطانیہ میں طبی معائنہ کرایا، اوورسیز کنونشن میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کیا، انہوں نے لندن میں سرکاری اور نجی ملاقاتیں بھی کیں۔