صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی قیادت اور عوام کو مبارکباد
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی قیادت اور عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ میں خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو قومی دن پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ سعودی عرب نے اپنی قیادت کی بصیرت اور عزم سے ترقی و استحکام کی نئی مثالیں قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا رشتہ اعتماد، عقیدت اور بھائی چارے پر مبنی ہے۔ خانہ کعبہ اور روضۂ رسول ﷺ کی موجودگی پاکستانی عوام کو سعودی عرب سے گہری روحانی وابستگی عطا کرتی ہے، جو اس دوستی کو غیر معمولی دوام بخشتی ہے۔ صدر مملکت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حالیہ عرصے میں دونوں ممالک کے تعلقات نے نئی بلندیوں کو چھوا ہے۔ دفاع اور سلامتی کے شعبے میں قائم ہونے والی نئی شراکت داری دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کی مظہر ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔ اسی طرح سعودی وژن 2030 کے تحت اقتصادی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور ہر شعبے میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اللہ تعالیٰ مملکت سعودی عرب کو ترقی، خوشحالی اور عظمت عطا فرمائے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مذہب، تاریخ، بھائی چارے اور اعتماد کی بنیاد پر قائم ہیں اور یہ رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ وزیراعظم نے اپنے حالیہ سعودی عرب کے دورے کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کی قیادت کی محبت اور مہمان نوازی ناقابل فراموش تھی۔ انہوں نے کہا کہ مئی میں بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران سعودی قیادت کی طرف سے یکجہتی کا اظہار پاکستانی عوام کبھی نہیں بھولیں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مملکتِ سعودی عرب کو ہمیشہ ترقی، استحکام اور عظمت عطا فرمائے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے سعودی قیادت شہباز شریف عوام کو
پڑھیں:
مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاک بھارت تعلقات قائم نہیں ہو سکتے، شہباز شریف
لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاک بھارت تعلقات استوار ہو سکتے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاک بھارت تعلقات قائم نہیں ہو سکتے، بھارت جھگڑالو پڑوسی کے بجائے اچھے ہمسائے کی طرح رہے۔ لندن میں اوورسیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے واضح الفاظ میں کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کے بغیر پاک بھارت تعلقات استوار ہو سکتے ہیں تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے برابری کی بنیاد پر بات کرنا چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگوں پر اربوں ڈالر خرچ ہوئے، اربوں ڈالر عوام کی ترقی و فلاح پر خرچ ہونے چاہیں، پاکستان اور بھارت ہمسائے ہیں، ہمیں ساتھ رہنا ہے، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاک بھارت تعلقات قائم نہیں ہو سکتے، کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔اُنہوں نے برطانوی پاکستانی برادری کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی معیشت میں معاونت ناقابلِ فراموش ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو سونے اور جواہرات میں بھی تولا جائے تو کم ہے، اس برس اوورسیز پاکستانیوں نے ساڑھے 48 ارب ڈالر پاکستان بھیجے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ برطانوی و دیگر ممالک میں مقیم پاکستانی ملک کی ترقی اور استحکام میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت اُن کے حقوق اور تحفظ کیلئے مسلسل کوشاں ہے، عالمی فورمز پر پاکستان اپنے موقف کو مضبوطی سے پیش کرتا رہے گا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اوورسیز پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اشعار بھی سنائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غزہ میں ظلم و ستم جاری ہے، 64 ہزار فلسطینی شہید کر دیے گئے، غزہ میں فلسطینیوں کا کھانا، پینا اور ادویات بند کر دی گئیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعظم کا اوورسیز پاکستانیوں سے تاریخی خطاب آج دوپہر نشر کیا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف نے پرجوش تقریر کی، لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، وزیراعظم نے آپریشن بنیان مرصوص، معیشت اور سفارتی تعلقات پر بات کی۔ اس موقع پر وزیر مملکت عون چودھری نے بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو انڈیا سے جو فتح ملی اس سے دنیا میں پاکستان کی عزت بڑھی۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف آج لندن سے امریکا کیلئے روانہ ہوں گے، وزیراعظم کا جنرل اسمبلی سے خطاب 26 ستمبر کو ہو گا، غزہ میں ہونے والے خصوصی اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔