پاکستان ریلوے کا سی این آئی سی سے ٹکٹ خریداری اور ویریفکیشن سسٹم متعارف کرانے پر غور
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سی این آئی سی سے ٹکٹ خریداری اور ویریفکیشن سسٹم متعارف کرانے پر غور شروع کردیا۔
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے چیئرمین نادرا نے وزارت ریلوے میں ملاقات کی جس میں نادرا کی پاک ایپ کی ریلوے کی رابطہ ایپ سے انٹیگریشن پر بریفنگ دی گئی۔
بتایا گیا کہ پاکستان ریلوے مسافروں کی سی این آئی سی سے ٹکٹ خریداری اور ویریفکیشن سسٹم متعارف کرانے پر غور کررہا ہے۔
وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ سسٹم سے بوگس ٹکٹنگ کا خاتمہ اور سیکیورٹی مسائل بھی حل ہوں گے، اقدام سے ریلوے اور ملک دونوں کو فائدہ ہوگا۔
ملاقات میں ریلوے میں پنشن ویریفکیشن سسٹم لانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ صرف حقدار پنشنرز کو ادائیگی، جعلی پنشنز کا خاتمہ اور مالی نقصان سے بچت ہوگی۔ چیئرمین نادرا کو ریلوے حکام نے گزشتہ 6 ماہ میں کی گئی ڈیجیٹائزیشن پر بریفنگ دی۔
ریلوے میں ڈائریکٹوریٹ آف آئی ٹی جدید طرز پر بحال کیا جا چکا ہے۔117 کال سینٹر کو انٹرنیشنل لیول پہ بحال کیا جا رہا ہے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ فریٹ مینجمنٹ سسٹم سے اوورلوڈنگ پر قابو پایا جا رہا ہے۔ ریلوے سٹیشنز پر پی او ایس مشینز اور اے ٹی ایم مشینیں نصب کی جا چکی ہیں۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ اے آئی بیسڈ سیف اینڈ سمارٹ ریلوے سٹیشنز کا آغاز بھی کیا جا چکا ہے۔
منصوبہ ریلوے میں سکیورٹی اور سیفٹی بہتر بنائے گا۔ ریلویز ایڈوانسڈ انفراسٹرکچر نیٹ ورک (رین) منصوبے پر کام جاری ہے۔رین منصوبے سے 1700 کلومیٹر ٹریک کی فائبرائزیشن ہوگی۔
نادرا چیئرمین نے ریلوے کی ڈیجیٹائزیشن اقدامات کو سراہا۔نادرا کی جانب سے ریلوے کے ساتھ مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: ویریفکیشن سسٹم وزیر ریلوے ریلوے میں
پڑھیں:
قومی اسمبلی ذیلی کمیٹی کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری انتخابات کرانے کی ہدایت
اسلام آباد:قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری انتخابات کرانے کی ہدایت کردی جب کہ اجلاس میں پی ایچ افی کے صدر طارق بگٹی کی نامزدگی کو درست قرار دیا گیا۔
شیخ آفتاب کی کنوینر شپ میں قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس ہوا جس میں وزارتِ قانون اور اٹارنی جنرل آفس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی کی نامزدگی کا جائزہ لیا گیا جسے وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس نے درست قرار دے دیا۔
قائمہ کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری الیکشن کرانے کی ہدایت دی جس پر طارق بگٹی نے 2 ماہ میں انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ پی ایچ ایف جنرل کونسل نے طارق بگٹی پر اعتماد ظاہر کیا ہے جب کہ ان کی بنیادی ذمہ داری الیکشن کرانا ہے۔ ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے کہا کہ نگران وزیراعظم نے طارق بگٹی کو فیڈریشن کے انتخابات اور آڈٹ کی ذمہ داری دی تھی، تاہم فیڈریشن نے کانگرس، ایسوسی ایشنز اور کلبوں کا مکمل ڈیٹا فراہم نہیں کیا، ایسی صورتحال میں دو ماہ میں انتخابات کرانا مشکل دکھائی دیتا ہے۔
کمیٹی نے طارق بگٹی کو ہاکی فیڈریشن کا تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
اس موقع پر صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی نے کہا کہ فیڈریشن ایک خودمختار ادارہ ہے، انہیں کانگرس کا اعتماد حاصل ہے۔ شہلا رضا نے الگ سے اعتماد کا ووٹ لینے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدر حسین نے ہاکی فیڈریشن کا ریکارڈ چوری کیا، کراچی ہاکی اسٹیڈیم پر قبضے کی کوشش کی اور اسی وجہ سے ان پر تاحیات پابندی عائد کی گئی ہے۔ ہم نے حیدر حسین کیخلاف متعلقہ اداروں میں شکایت درج کروا کھی ہے۔
وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے کہا کہ فیڈریشن جلد انتخابات کرا کے تنازع ختم کرے تاکہ معاملہ شفاف ہو سکے۔
اجلاس میں ایف آئی اے کے حکام بھی پیش ہوئے اور بتایا کہ وہ ہاکی فیڈریشن کے آڈٹ اعتراضات اور بے ضابطگیوں کا جائزہ لے رہے ہیں، اس سلسلے میں فیڈریشن سے تمام ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ کمیٹی نے ہاکی فیڈریشن کو ایف آئی اے کو مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔