پنجاب بھر میں وائلڈ لائف کی کارروائیاں، غیرقانونی شکار پر بھاری جرمانے
اشاعت کی تاریخ: 26th, September 2025 GMT
لاہور:
محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی شکار کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
مختلف اضلاع میں کارروائیوں کے دوران بٹیر سمیت دیگر جنگلی پرندوں کے غیرقانونی شکار میں ملوث 9 ملزمان کو چالان جبکہ متعدد کو بھاری جرمانے کیے گئے۔ کارروائیوں میں مجموعی طور پر بٹیر کے 15 نیٹنگ گیئرز بھی ضبط کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ساہیوال ریجن راجہ احسان کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجرز اوکاڑہ نے بٹیر کے دو غیرقانونی شکاریوں کے خلاف ایف آئی آرز درج کرائیں۔
اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر شاہزیب خورشید نے تیتر کا کتوں اور گن کے ساتھ غیرقانونی شکار پر تین شکاریوں کو مجموعی طور پر 70 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
چنیوٹ میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر اویس کسانہ نے کارروائی کے دوران بٹیر کے چار نیٹنگ گیئرز ضبط کر کے تین چالان کیے اور 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ اسی طرح جھنگ میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر عبداللہ بلال نے دو نیٹنگ گیئرز ضبط کیے، دو چالان کیے اور ایک کیس میں 30 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
ملتان ریجن میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ڈاکٹر سجاد حسین کی سربراہی میں ٹیم نے بٹیر کے 13 نیٹنگ گیئرز ضبط کیے، تین ملزمان کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کی اور ایک ایف آئی آر بھی درج کرائی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: غیرقانونی شکار نیٹنگ گیئرز بٹیر کے
پڑھیں:
ایف آئی اے کی کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی، غیرقانونی راستے سے بیلاروس جانے والے دو مسافر گرفتار
کراچی:ایف آئی اے نے وزٹ ویزے کی آڑ میں غیرقانونی راستے سے بیلاروس جانے کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان ایف آئی اے کےمطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی ایئرپورٹ نے وزٹ ویزے کی آڑ میں غیر قانونی راستے سے بیلاروس جانے والے 2 مسافروں کو آف لوڈ کیا، مسافروں میں محمد آکاش اور اسد رحمان شامل ہیں،جن کاتعلق کوٹلی آزادکشمیر سے ہے۔
مسافر خلیجی ملک کی ایئرلائن کی پرواز ایف زیڈ330کے ذریعے وزٹ ویزے پر آذربائیجان جارہےتھے، مسافر اسد رحمان کا پاسپورٹ ٹمپرڈ شدہ تھا اور پاسپورٹ سے ویزہ صفحات غائب تھے، مسافروں کے سامان سے جعلی پروٹیکٹرز اسٹمپس بھی برآمد کرلی گئی، مسافروں کے موبائل فون سے آذربائیجان کے جعلی ورک ویزے، پولیس سرٹیفیکیٹ، پروٹیکٹر اور بینک ٹرانزیکشنز کی تصاویر بھی برآمد کی گئیں۔
ترجمان ایف آئی اے کےمطابق مسافروں نےآذربائیجان سے بعد ازاں غیرقانونی طورپر بیلاروس جانا تھا، اس تناظر میں مسافروں نے ایجنٹ کو 14 لاکھ روپے فی کس بطور کیش اور بینک ٹرانزیکشن کے ذریعے ادا کیے، بعد ازاں مزید قانونی کارروائی کے لیے مسافروں کو اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کیا گیا۔