کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں دھماکا، 5 افراد جاں بحق، 10 زخمی
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں فرنٹیئر کور یعنی ایف سی ہیڈ کوارٹرز کے قریب ایک زور دار دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔
دھماکے سے اطراف کی کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ایک موٹر سائیکل، رکشہ اور قریبی کھڑی گاڑیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔
ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔
دوسری جانب سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں کو فوری طور پر ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی جبکہ جائے وقوعہ پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
دھماکے کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
بلوچستان دھماکا سول اسپتال کوئٹہ ماڈل ٹاؤن.ذریعہ: WE News
کلیدی لفظ: بلوچستان دھماکا سول اسپتال کوئٹہ ماڈل ٹاؤن
پڑھیں:
آزاد کشمیر کوٹلی ، اسکریپ کی دکان میں دھماکا، 3 افراد جاں بحق، متعدد زخمی
آزاد کشمیر(نیوزڈیسک)شہر کوٹلی میں اسکریپ کی دکان میں دھماکا سے 3 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔مقامی ریسکیو حکام نے بتایا کہ دھماکے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال کوٹلی منتقل کردیا گیا ہے جب کہ سیکیورِٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
مقامی افراد کے مطابق کچرا اٹھانے والے بچے غلطی سے مائن اٹھا کر دکان پر لائے جو بعد ازاں پھٹ گیا، مقامی رہائشیوں کے مطابق ایل او سی سے کے قریب بچھائے مائنز دریا میں بہہ کر کوٹلی کی جانب آجاتے ہیں۔