صدر، وزیراعظم، وزیراعلیٰ بلوچستان، گورنر و دیگر کی کوئٹہ دھماکے کی مذمت
اشاعت کی تاریخ: 30th, September 2025 GMT
اپنے جاری کردہ بیانات میں صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعلیٰ شہباز شریف، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور گورنر جعفر مندوخیل نے کوئٹہ میں ایف سی ہیڈکوارٹر پر ہونیوالے حملے اور دھماکے کی مذمت کی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر مندوخیل سمیت متعدد وزراء نے کوئٹہ میں دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیانات میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ "فتنۂ الخوارج اور بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے عناصر" پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کی بروقت اور مؤثر کارروائی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور زخمی ایف سی جوانوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کو ناکام بنایا اور ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جائے گا۔ وزیراعظم نے زخمی اہلکاروں اور شہریوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت، سکیورٹی فورسز اور پوری قوم ملک سے دہشتگردی اور "فتنہ الہندوستان" کے جڑ سے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی سالمیت کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو عبرت ناک سزا دی جائے گی۔
اپنے جاری کردہ بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا۔ سکیورٹی فورسز نے چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ دہشت گرد بزدلانہ کارروائیوں سے قوم کا حوصلہ پست نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ بلوچستان کو پرامن اور محفوظ بنانے کے عزم پر کاربند ہیں۔ انہوں نے شہداء کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی، شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے دھماکہ کے نتیجہ میں شہریوں کے شہید اور زخمی ہونے پر گہرے رنج و دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ فوری طور پر تمام زخمیوں کو تمام طبی سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے دہشت گرد حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر کو گرفتار کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی اتحاد واتفاق سے دہشتگردوں اور تخریب کاروں کے ناپاک عزائم کو ناکام بناسکتے ہیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: سکیورٹی فورسز نے کہا کہ انہوں نے
پڑھیں: