معروف امریکی ریپر کو خواتین کیساتھ جنسی تشدد کے الزام میں سزا
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
امریکی ریپر اور کاروباری شخصیت شان ڈِڈی کومبز کو خواتین پر بدسلوکی اور جسم فروشی سے متعلق الزامات میں چار سال اور چند ماہ قید کی سزا سنائی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیویارک کی فیڈرل عدالت کے جج ارون سبرامنیئن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ 55 سالہ کومبز نے اپنی دو سابق گرل فرینڈز کاساندرا وینچورا اور جین کو برسوں ذہنی و جسمانی اذیت کا نشانہ بنایا۔
جج کے مطابق یہ محض تفریح یا منشیات کا معاملہ نہیں بلکہ "غلامی اور ذلت کا ایک نظام" تھا جس نے متاثرہ خواتین کو خودکشی کے قریب پہنچا دیا۔ کومبز سزا سنائے جانے کے دوران عدالت میں خاموش کھڑے رہے۔
یاد رہے کہ امریکی ریپر کو جولائی 2024 میں اس الزام میں مجرم قرار دیا گیا تھا کہ انہوں نے مرد جسم فروشوں کو بلا کر منشیات کے زیرِ اثر اپنی گرل فرینڈز کے ساتھ جنسی تعلقات پر مجبور کیا۔ تاہم انہیں ریکیٹنگ اور سیکس ٹریفکنگ جیسے سنگین الزامات سے بری کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ کومبز ستمبر 2024 سے حراست میں ہیں اور قید کا یہ وقت سزا میں شمار کیا جائے گا، جس کے بعد وہ تقریباً تین سال میں رہا ہو سکتے ہیں۔ سزا سے قبل انہوں نے متاثرہ خواتین سے معافی مانگی، جبکہ ان کے وکیل نے فیصلے کے خلاف اپیل کا اعلان کیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
پاکستانی ریپر طلحہ انجم نے نیپال میں کنسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرادیا
پاکستان کے معروف ریپر طلحہ انجم اور طلحہ یونس نیپال میں ہونے والے اپنے حالیہ کنسرٹ کے باعث سوشل میڈیا پر موضوعِ گفتگو بن گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، کنسرٹ کے دوران طلحہ انجم نے خیر سگالی اور دوستی کے اظہار کے طور پر بھارتی پرچم لہرایا جبکہ ان کے ساتھ اسٹیج پر موجود طلحہ یونس نے نیپالی پرچم اٹھا کر مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔
کنسرٹ میں موجود مداحوں نے اس لمحے کی ویڈیوز اور تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ اقدام مختلف ممالک سے آئے ہوئے سامعین کے احترام اور امن دوستی کے پیغام کے طور پر کیا گیا۔
تاہم پاکستان میں سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد حیران نظر آئی اور کئی لوگوں نے اس حرکت پر بحث چھیڑ دی۔
کچھ نے اسے ایک مثبت، جرات مندانہ عمل کہا تو کچھ نے اسے غیر ضروری اور غیر محتاط فیصلہ قرار دیا۔
طلحہ یونس کے نیپالی پرچم لہرانے پر مقامی مداحوں نے جوش سے ردعمل دیا اور ان کے نیپال آنے کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں فنکاروں کی پرفارمنس سے اسٹیج پر زبردست ہلہ گلہ رہا اور شو بھرپور کامیاب رہا۔
تاہم اس واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت دونوں جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آرہا ہے جبکہ نیپال کے مداح اس پورے لمحے کو “ایک خوبصورت پیغام” قرار دے رہے ہیں۔
اب تک دونوں فنکاروں کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔