کراچی میں ڈاکو راج، ایک اور شہری مزاحمت پر زندگی کی بازی ہار گیا، رواں سال کی تعداد 67 ہوگئی
اشاعت کی تاریخ: 4th, October 2025 GMT
شہر میں جاری ڈاکو راج کے ڈاکوؤں نے ایک اور شہری کی جان لے لی، جس کے بعد رواں سال میں اب تک ڈکیتی مزاحمت پر مارے جانے والے شہریوں کی تعداد 67 ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ اقبال مارکیٹ اورنگی ٹاؤن میں چند روز کے دوران ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک اور شہری کے قتل نے پولیس کی کارکردگی کا پول کھول دیا۔
مقتول دکاندار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ڈاکو سے اسلحہ چھین کر اسے فائرنگ کر نشانہ بنا کر شدید زخمی کر دیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
اقبال مارکیٹ تھانے کی حدود اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ خلیل مارکیٹ کے علاقے میں دنداناتے ہوئے ڈاکوؤں نے لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر ایک اور شہری کو موت کے گھاٹ اتار دیا جس کی شناخت 35 سالہ نور عالم ولد شیر عالم کے نام سے کی گئی۔
اس حوالے سے ترجمان ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کے مطابق اقبال مارکیٹ تھانے کے علاقے خلیل مارکیٹ میں گیس سلینڈر کی دکان پر مسلح ملزمان ڈکیتی کی کوشش کر رہے تھے کہ اس دوران دکاندار نور عالم نے مزاحمت کی تو ملزمان نے فائرنگ کر کے اسے زخمی کر دیا تاہم زخمی دکاندار نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوران مزاحمت ایک ملزم سے اسلحہ چھین کر فائرنگ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا جس کی شناخت عبدالرحیم ولد محمد اسلم کے نام سے کی گئی۔
پولیس کو جائے وقوعہ سے 30 بور پستول ، گولیاں اور 3 چلیدہ خول ملے ہیں جبکہ زخمی دکاندار اور گرفتار ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا جبکہ گرفتار ملزم عادی جرائم پیشہ اور اس سے قبل بھی قتل ، پولیس مقابلہ ، ڈکیتی اور اسلحہ کے مقدمات میں گرفتار ہوچکا ہے۔
ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی ہو کر دکاندار کے جاں بحق ہونے پر علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا اور انھوں نے پولیس کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پولیس کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ویسٹ میں لوٹ مار کی وارداتوں پر قابو پانے میں سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ مکینوں کو بھی احساس تحفظ ہو سکے۔
حالیہ واقعے کے بعد رواں سال شہر میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 67 ہوگئی۔
واضح رہے کہ چند روز قبل اسی تھانے کی حدود میں سفاک ڈاکوؤں نے گھر کی دہلیز پر معصوم بیٹے کے سامنے باپ کو فائرنگ کا نشانہ بنا کر ابدی نیند سلا دیا تھا اور اس واقعے کے بعد ایس ایچ او اقبال مارکیٹ کو معطل کر کے ایک درجے تنزلی بھی کر دی گئی تھی
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: اقبال مارکیٹ ایک اور شہری کے دوران ڈاکوو ں کر دیا
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق، پولیس اہلکار سمیت 2 زخمی
کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔
کیماڑی کے پی ٹی گراؤنڈ کے قریب اسنوکر کلب پر موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں نور اللّٰہ نامی شہری جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعے میں دو ہتھیار استعمال ہوئے اور پندرہ فائر کیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ مقتول نے دوسری شادی کر رکھی تھی اور پہلی بیوی سے تنازع چل رہا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے۔
فائرنگ کا دوسرا واقعہ حسین آباد چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوا۔
تیسرے واقعے میں کورنگی گودام چورنگی کے قریب ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے پولیس اہلکار کانسٹیبل عثمان زخمی ہوگیا۔
ایس ایس پی کورنگی طارق نواز کے مطابق کانسٹیبل نے ایک ملزم کو پکڑ لیا تھا کہ اس کے ساتھی نے فائرنگ کردی، عثمان کو ٹانگ پر گولی لگی تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔