خیبرپختونخوا پولیس نے جدید ٹیکنالوجی سے لیس اسلحہ حاصل کر لیا
اشاعت کی تاریخ: 7th, November 2025 GMT
خیبر پختونخوا پولیس نے امریکی طرز کے دور سے نشانہ بنانے والے جدید ہتھیار حاصل کر لیے۔ آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب کے دوران جدید تھرمل سائٹس، دوربینیں، ہیوی مشین گنز اور اینٹی ڈرون گنز پولیس کے حوالے کیں۔ ترجمان کے مطابق پولیس کو 147 جدید سکوا دوربینیں، 363 تھرمل سائٹس، 10 ہیوی مشین گنز اور 4 اینٹی ڈرون گنز فراہم کی گئی ہیں۔ اینٹی ڈرون گنز وزیرستان، بنوں اور باجوڑ پولیس کے حوالے کی گئیں۔ آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیا جا رہا ہے، جدید آلات سے پولیس کی رات کے وقت نگرانی مزید مؤثر ہوگی، تھرمل سائٹس کے ذریعے چار کلومیٹر دور گاڑیوں کی شناخت ممکن ہو سکے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔