اسلام آباد میں ریٹائرڈ ایئر کموڈور عبدالسلام کی خودکشی، پولیس نے تحقیقات شروع کردیں
اشاعت کی تاریخ: 6th, November 2025 GMT
ریٹائرڈ ایئر کموڈور عبدالسلام نے اسلام آباد کے رہائشی علاقے بحریہ انکلیو فیز 1 میں مبینہ طور پر خودکشی کر لی ہے۔
تھانہ بنی گالا پولیس کے مطابق انہوں نے خود کو سر پر گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور عبدالسلام کو شدید زخمی حالت میں فاروق اسپتال منتقل کیا۔
تاہم ریٹائرڈ ایئر کموڈورزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گئے۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں تاکہ اس مبینہ خودکشی کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر واقعے میں کوئی مشتبہ عنصر سامنے نہیں آیا، تاہم تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
عدالت کا خاتون، بچوں کی گرفتاری کےمعاملے میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف اندراج مقدمہ کا عندیہ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے لاہور اور بہاولپور سے خاتون اور بچوں کی گرفتاری کے معاملے میں ملوث پولیس اہلکاروں کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج کا عندیہ دے دیا۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے معاملے کی تحقیقات کریں، پولیس اہلکار واقعہ کی شفاف تحقیقات میں ناکام رہے، پولیس بااثر مدعی کے زیر اثر ہے اور لاہور میں عدالت کی اجازت کے بغیر چھاپہ مارا، پولیس اہکاروں نے ملزمان کیخلاف پولیس مقابلے کی جعلی ایف آئی آر درج کی۔
جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیے کہ کیوں نہ پولیس اہلکاروں کی معطلی کا آرڈر جاری کیا جائے، آئی جی اسلام آباد نے پیش ہوکر شفاف تحقیقات کی یقین دہانی کروائی تھی۔
وکیل سردار لطیف کھوسہ نے مؤقف اپنایا کہ مدعی بااثر بیوروکریٹ ہے، مدعی کو سابق دور میں ایم ڈی پی آئی اے بھی لگایا گیا، مدعی کے اثر و رسوخ کی وجہ سے پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔
عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔