پی ٹی آئی وفد کی فیصل کریم کنڈی سے ملاقات،‘صوبے کے امن، ترقی کیلئے متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں’
اشاعت کی تاریخ: 11th, November 2025 GMT
پشاور:
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وفد نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات میں کہا ہے کہ صوبے کے امن، ترقی و خوش حالی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
پی ٹی آئی کا نمائندہ وفد نے گورنر ہاؤس پشاور میں فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، وفد میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اراکین قومی اسمبلی جنید اکبر، محبوب شاہ اور دیگر شامل تھے۔
پی ٹی آئی وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو صوبائی اسمبلی میں امن جرگے میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی اور گورنر سے کہا کہ صوبے کے آئینی سربراہ ہونے کے ناطے امن جرگہ میں آپ کی شرکت و رہنمائی ہمارے لیے باعث فخر ہو گی۔
گورنر خیبرپختونخوا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی وفد نے کہا کہ صوبے کے امن، ترقی و خوش حالی کے لیے متحد ہو کر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وفد کو امن جرگے میں شرکت کی مکمل یقین دہانی کرائی اور کہا کہ امن جرگے میں صوبائی حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل بیٹھنا باعث اعزاز سمجھتا ہوں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے کے امن و مجموعی ترقی کے لیے میرا تعاون ہمیشہ صوبائی حکومت کے ساتھ رہے گا، خوشی ہے کہ قیام امن کے لیے اسپیکر صوبائی اسمبلی و صوبائی حکومت نے امن جرگے کا مثبت قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے حقوق کے لیے وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔
فیصل کریم کندی نے کہا کہ صوبے کے حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم سب متحد ہو کر آگے بڑھیں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبے کے فیصل کریم کنڈی متحد ہو کر آگے صوبے کے امن پی ٹی آئی امن جرگے کے لیے وفد نے
پڑھیں:
حکمرانوں سے عوام کے حقوق چھین کر واپس لیں گے، گورنر سندھ
سرجانی ٹاؤن (نیوزڈیسک) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں سے سرجانی کے عوام کے حقوق چھین کر واپس لیں گے۔
سرجانی ٹاؤن میں عوامی اجتماع سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آج کے کامیاب جلسے کے شاندار انتظامات پر ایم کیو ایم کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج اس جلسے کا انعقاد، سرجانی کے عوام سے والہانہ محبت کا ثبوت ہے، سرجانی کے غیور عوام دہائیوں سے ایم کیو ایم کے ساتھ منسلک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرجانی میں تمام لسانی اکائیوں کا گلدستہ موجود ہے، تمام اکائیوں کی نمائندگی آج اس جلسے میں موجود ہے، سرجانی میں قانون و انصاف کی عملداری کیلئے پولیس کی نفری بڑھانے کی ضرورت ہے، آئی جی سندھ سے ہم کہیں گے کہ سرجانی میں ایک تھانے کا اضافہ کریں۔
کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ عوام بجلی کی بندش اور دیگر مسائل سے نبرد آزما ہیں، عوام شناختی کارڈ کے حصول میں بھی مشکلات کا شکار ہیں، کراچی واٹر کارپوریشن یہاں کارکردگی نہیں دکھا پا رہا، گیس کی لوڈ شیڈنگ بھی کافی بڑھ چکی ہے، روزگار کے ناکافی مواقع ہیں، آج یہاں عوام کا جم غفیر اپنے مسائل کے حل کیلئے ایم کیو ایم کی جانب دیکھ رہا ہے۔
گورنر سندھ کا مزید کہنا تھا کہ میں آپکو یقین دلاتا ہوں آپ کے حقوق کیلئے ایم کیو ایم آخری دم تک جدوجہد جاری رکھے گی، حکمرانوں سے آپ کے حقوق چھین کر واپس لیں گے، سرجانی اور شہر کی ترقی کے نئے باب کا آغاز ہو چکا ہے۔