اسلام آباد:گاڑی کی ٹکر سے اسکوٹی سوار 2 لڑکیوں کی ہلاکت،صلح کا تحریری حکم نامہ جاری
اشاعت کی تاریخ: 13th, December 2025 GMT
اسلام آباد کی عدالت نے گاڑی کی ٹکر سے اسکوٹی سوار 2 لڑکیوں ثمرین حسین اور تابندہ بتول کی ہلاکت کے مقدمے میں فریقین کی صلح کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے حکم نامے میں لکھا ہے کہ لڑکیوں کے ورثاء نے ملزم کو اللّٰہ کے نام پر معاف کیا ہے۔
یاد رہے کہ کم سن ملزم فریقین کی صلح کے بعد پچھلے ہفتے رہا ہو چکا ہے، کیوں کہ ورثاء نے کہا تھا کہ انہیں ملزم کی رہائی پر کوئی اعتراض نہیں۔
حادثہ پچھلے دنوں اس وقت پیش آیا تھا جب 18 سال سے کم عمر ملزم نے تیز رفتار لگژری گاڑی چلاتے ہوئے اسلام آباد میں پی ٹی وی چوک پر اسکوٹی کو ٹکر مار دی تھی۔
عینی شاہدین کے مطابق لڑکا انتہائی لاپروائی سے گاڑی چلا رہا تھا، حراست میں لیے جانے کے بعد لڑکے نے یہ بھی بتایا کہ حادثے کے وقت وہ سوشل میڈیا کے لیے ویڈیو بنا رہا تھا۔
اسلام آباد پولیس کے ایک اہل کار کے مطابق حراست میں لیا گیا لڑکا اعلیٰ عدالتی شخصیت کا بیٹا ہے، جس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا جبکہ حادثے کا شکار ہونے والی اسکوٹی چلانے والی لڑکی کے پاس بھی ڈرائیونگ لائسنس نہیں تھا۔
حادثے کے بعد ایک لڑکی کے والد نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو میں بتایا کہ جج صاحب اظہارِ ہم دردی کے لیے گھر آئے تھے، انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ غلطی ان کے بیٹے کی ہے۔
والد کے مطابق اس ملاقات میں دیت پر کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: اسلام ا باد
پڑھیں:
کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار
کراچی:شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران چار ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ ایک فرار ہونے والے مبینہ ڈاکو کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس اور چھیپا حکام کے مطابق اورنگی ٹاؤن تھانے کی حدود میں سیکٹر 8، اللہ والا کالج کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت سبیل کے نام سے ہوئی۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا۔
ادھر بوٹ بیسن تھانے کی حدود میں کلفٹن، عبداللہ شاہ غازی مزار پل کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران ایک مبینہ ڈاکو پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا، جس کی شناخت مانی کے نام سے ہوئی۔
اسے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اس دوران فرار ہونے کی کوشش کرنے والے دوسرے مبینہ ملزم کو شہریوں نے پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں اسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ زخمی ملزم کی شناخت سکندر کے نام سے کی گئی۔
دوسری جانب شرافی گوٹھ پولیس نے کورنگی سنگر چورنگی کے قریب راڈو بیکری کے علاقے میں مبینہ مقابلے کے بعد ایک مبینہ ڈاکو اویس کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا۔
اسی طرح قائدآباد تھانے کی حدود میں لانڈھی شیر پاؤ کالونی، مولیٰ مدد قبرستان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ایک اور مبینہ ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت وارث خان کے نام سے ہوئی۔