اشتہاری ملزمان کے خلاف چھاپے کے دوران فائرنگ سے سی سی ڈی کے افسر سمیت 4 اہلکار شدید زخمی
اشاعت کی تاریخ: 13th, December 2025 GMT
پنجاب کے علاقے لیہ میں اشتہاری اور انتہائی مطلوب ملزمان کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ سے سی سی ڈی کے افسر سمیت 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سی سی ڈی مظفر گڑھ نے مطلوب اشتہاریوں کی گرفتاری کیلیے لیہ کے علاقے احسان پورہ میں کارروائی کی۔
اعلامیے کے مطابق انتہائی مطلوب اشتہاری اقرار حسین عرف اقراری بھلہ اور اسکے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا گیا تھا۔ جو ضلع کا انتہائی مطلوب سرفہرست اشتہاری ہے۔
سی سی ڈی کے مطابق انتہائی مطلوب اشتہاریوں سے سی سی ڈی ٹیم کا مقابلہ کئی گھنٹے جاری رہا، جس کے دوران انسپکٹر محمد نواز اور 3 کانسٹیبل شدید زخمی ہوئے جبکہ ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔
سی سی ڈی کے زخمی اہلکاروں کو کوٹ ادو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ابتدائی ہنگامی طبی امداد کے بعد زخمیوں کو نشتر اسپتال ملتان ریفر کر دیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملنے پر عوام کی بڑی تعداد خون کے عطیات دینے اسپتال پہنچے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سی سی ڈی کا پنجاب بھر میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انتہائی مطلوب سی سی ڈی کے کے مطابق
پڑھیں:
سیکیورٹی فورسز کی مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سیکیورٹی فورسز نے مستونگ میں کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گردوں کو ہلاک اور متعدد کو گرفتار کرلیا. گرفتار شدگان میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کامیابی سے جاری ہے. سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کردیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 6 دہشت گرد وں کو جہنم واصل کر دیا۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی سیکیورٹی فورسز کی اس کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کو گرفتار بھی کر لیا گیا. گرفتار دہشت گردوں میں سہولت کار سمیت مرد اور خواتین خودکش بمبار بھی شامل ہیں۔سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کاروائی میں دہشت گردوں کی متعدد کمین گاہیں مکمل طور پر تباہ کر دی گئیں. کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا۔آپریشن کے دوران علاقے میں سرچ اور کلیئرنس کارروائیاں جاری ہیں، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مکمل نگرانی برقرار ہے. حالیہ دنوں میں مستونگ کےعلاقہ کھڈ کوچہ میں دہشتگردوں کی مذموم کاروائیوں کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن تیز کر دیے گئے ہیں۔