بنوں؛ رات گئے پولیس چوکی پر دہشتگردوں کا بزدلانہ حملہ، 5اہلکار زخمی
اشاعت کی تاریخ: 12th, December 2025 GMT
ڈیرہ اسماعیل خان:
بنوں میں رات گئے تھانہ ہوید کی حدود چوکی شیخ لنڈک پر فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے حملہ ناکام ہوگیا۔
ترجمان خیبر پختوںخوا پولیس کے مطابق پولیس کی مؤثر جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچنے اور کئی دہشت گردوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
جوابی کارروائی کے دوران پانچ پولیس کے بہادر جوان معمولی زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں علاج جاری ہے۔
ڈی آئی جی بنوں سجاد خان کی خصوصی ہدایات پر ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی کی قیادت میں اضافی نفری فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا۔
ڈی آئی جی بنوں اور ڈی پی او بنوں نے حملہ پسپا کرنے پر پولیس جوانوں کی بہادری کو زبردست الفاظ میں سراہا، شاباش دی اور کہا کہ بنوں پولیس وطنِ عزیز کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فیلڈ مارشل کا بلوچستان میں دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلنے کے عزم کا اظہار
فوٹو: آئی ایس پی آرفیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں دہشت گردی کو پوری طاقت سے کچلنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء کی جی ایچ کیو آمد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں پراکسی عناصر بلوچستان میں تشدد کو ہوا دینے، استحکام کو نقصان پہنچانے اور امن خراب کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں، تاہم ان کے ناپاک عزائم کو مسلح افواج کے مضبوط اور فیصلہ کن جواب اور عوام کے اتحاد سے ناکام بنادیا جائے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا فخر ہے، یہ صوبہ بے پناہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، بلوچستان کے متحرک، باہمت، ثابت قدم اور محبِ وطن عوام اس کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مسلسل کوششیں بلوچستان میں دیرپا امن لائیں گی، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشنز جاری رہیں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے ملک کے مستقبل کی سمت کے تعین کے لیے قومی اتحاد اور ثابت قدمی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج عوام کے اتحاد، عزم اور ثابت قدمی کی بدولت ان مذموم عزائم کو ناکام بنائیں گی۔