ریئر ایڈمرل محمد سلیم کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دیدی گئی
اشاعت کی تاریخ: 10th, January 2025 GMT
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی)ریئر ایڈمرل محمد سلیم کو وائس ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق وائس ایڈمرل محمد سلیم نے 1991 میں پاکستان نیوی کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ فلیگ افسر پاکستان نیوی وار کالج لاہور اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، اسلام آباد سے گریجویٹ ہیں۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی سے پبلک پالیسی میں ایم فل اور برطانیہ سے انٹرنیشنل الیکٹرانک وارفیئر مینیجر کا کورس بھی کیا ہوا ہے۔ وائس ایڈمرل محمد سلیم اپنے شاندار کیریئر کے دوران مختلف کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ ان کی اہم کمانڈ تقرریوں میں کمانڈنگ افسر پی این سب میرینز حمزہ اور حرمت، کمانڈر نویں آگزیلری اور مائن ہنٹنگ اسکواڈرن، کمانڈنٹ پی این ایس بہادر اور کمانڈر کراچی شامل ہیں۔ ان کی اہم اسٹاف تقرریوں میں کمانڈر سب میرینز کے سینئر اسٹاف افسر (آپریشنز)، نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ڈائریکٹر نیول آپریشنل پلانز اور ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (پرسنیل) شامل ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل نیشنل انٹیلی جنس اکیڈمی اسلام آباد کے طور پر بھی فرائض سرانجام دیئے۔ وائس ایڈمرل محمد سلیم نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ڈائریکٹنگ اسٹاف اور بھارت میں پاکستان کے نیول اتاشی کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ اس وقت وائس ایڈمرل محمد سلیم ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ پرسنیل) نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے نوازا جا چکا ہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: اسلام آباد
پڑھیں:
اسلام آباد، وفاقی وزیر امیر مقام سے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان کی ملاقات
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ڈیم متاثرین کے حقوق کے لیے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شمار کرتے ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران، انجینئر امیر مقام سے گلگت بلتستان کے وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے بدھ کے روز صوبائی وزراء کے ہمراہ وزارت میں ملاقات کی۔ وفد میں وزیر ایکسائز و ٹیکسیشن گلگت بلتستان رحمت خالق، وزیر زراعت گلگت بلتستان انجینئر محمد انور، وزیر جنگلات گلگت بلتستان حاجی شاہ بیگ، و دیگر شامل تھے۔ ملاقات کے دوران دیامر بھاشا ڈیم کے متاثرہ افراد کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے ڈیم متاثرین کے حقوق کے لیے اپنی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ گلگت بلتستان کے عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ان کی ترقی کو حکومت کی اولین ترجیحات میں شمار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ گلگت بلتستان کے وزراء نے انجینئر امیر مقام پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو گلگت بلتستان کے عوام کا وفاقی سطح پر حقیقی نمائندہ سمجھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل کے لیے مسلسل کوششوں اور خلوص نیت پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔