پہلا ’’پنجاب دھی رانی پروگرام‘‘ لانچ، 51 اجتماعی شادیاں: اللہ میرے بیٹوں اور بیٹیوں کو آباد رکھے: مریم نواز
اشاعت کی تاریخ: 12th, January 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) دھی رانی سب کی سانجھی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کا پہلا’’پنجاب دھی رانی پروگرام‘‘ لانچ کر دیا۔ لاہور کے بہترین میرج ہال میں 51- اجتماعی شادیوں سے آغاز کر دیا گیا۔ نوبیاہتا جوڑوں میں پانچ کرسچن دولہا دلہن اور ایک سپیشل جوڑا بھی شامل تھا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تقریب میں موجود نوبیاہتا جوڑوں کو فرداً فرداً مبارکباد دی۔ انہوں نے دلہنوں کو پیار اور اظہار شفقت کیا اور دعائیں دیں۔ تقریب میں مولانا ڈاکٹر مفتی محمد رمضان سیالوی اور بشپ لاہور ندیم کامران نے باری باری دعائیں کرائیں۔ نو بیاہتا دولہا دلہن کو وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی طرف سے بیڈ میٹرس، کھانے پکانے کا سامان، ڈنر سیٹ اور دیگر سامان کے تحائف دئیے گئے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے دھی رانی پروگرام سلامی کارڈ کی لانچنگ بھی کی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہر دلہن سے اظہار شفقت کرتے ہوئے دھی رانی سلامی کارڈ بھی دیا۔ دھی رانی سلامی کارڈ کے ذریعے ہر نوبیاہتا جوڑا ایک لاکھ روپے سلامی حاصل کر سکے گا۔ دولہا دلہن اور تقریب کے شرکاء کو محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے پرتکلف ظہرانہ بھی دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نوبیاہتا جوڑوں کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوایا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے تحفہ کے طور پر ملنے والے سامان کا بھی معائنہ کیا۔ پنجاب میں رواں سال میں مجموعی طور پر 3000 اجتماعی کرائی جائیں گی، پہلے مرحلے میں 1500 اجتماعی شادیاں کرائی جا رہی ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر’’پنجاب دھی رانی پروگرام‘‘ کے لئے ایک ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’دھی رانی پروگرام‘‘ کے تحت موجود بیٹیوں اور بیٹوں، والدین اور اہلخانہ کو دل کی گہرائیوں سے شادی کی مبارکباد دیتی ہوں۔ اللہ تعالی آپ کو ہمیشہ خوش رکھے۔ دعا کے ساتھ میں بیٹیوں اور بیٹوں کی خوشیوں میں شامل ہونے کے لئے آئی ہوں۔ مریم نواز شریف نے کہاکہ اللہ تعالی میرے بیٹیوں اور بیٹوں کو آباد و شاد رکھے۔ نئی زندگی کی شروعات میں برکت ڈالے، دکھ سکھ کا ساتھی بنائے۔ بیٹیوں اور بیٹوں کی شادی میں شمولیت ایک جذباتی لمحہ ہے، بے حد خوش ہوں۔ شادی بچوں اور والدین کے لئے ایک جذباتی لمحہ ہوتا ہے۔ دعا گو ہوں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہاکہ جتنے آپ کے والدین خوش ہیں، آپ خوش ہوں، میں بھی آپ کی ماں ہوں، میں بھی خوش ہوں۔ اللہ تعالی میرے بیٹیوں اور بیٹو ں کو سکھ اورچین والی زندگی دے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پھالیہ کے نواح میں آتشبازی کارخانہ میں دھماکے سے 6 قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندانوں سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے آتشبازی کے غیر قانونی کاروبار پر پابندی یقینی بنانے کا حکم دیا اور کہاکہ متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: مریم نواز شریف نے دھی رانی پروگرام وزیر اعلی
پڑھیں:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس، تعلیمی اداروں میں اصلاحات اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہائر ایجوکیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب کی تعلیمی اداروں میں اصلاحات اور معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں جی سی یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج برائے خواتین یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کو ماڈل تعلیمی ادارے بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ برطانیہ، کوریا اور قازقستان سمیت متعدد غیر ملکی یونیورسٹیوں نے پنجاب میں کیمپس بنانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان یونیورسٹیوں میں یونیورسٹی آف لندن، یونیورسٹی آف برنل، یونیورسٹی آف گلاسیسٹرشائر اور یونیورسٹی آف لِیسٹر شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس پیشکش کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے پنجاب کی تعلیمی سطح کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔پنجاب کے سرکاری کالجز میں کالج مینجمنٹ کونسل قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانا ہے۔ اجلاس میں "کے پی آئی" سسٹم کو پنجاب کی یونیورسٹیوں میں نافذ کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ تدریسی معیار اور وائس چانسلرز کی کارکردگی کو بہتر طریقے سے جانچا جا سکے۔وزیراعلیٰ نے انڈر پرفارمنگ کالجز سے متعلق بھی رپورٹ طلب کی اور کہا کہ تعلیمی معیار کو یقینی بنانے کے لیے ان اداروں پر نظر رکھی جائے۔ مزید برآں، ایجوکیشن ویجی لینس سکواڈ قائم کرنے کی منظوری دی گئی جو تعلیمی اداروں میں اچانک حاضری، صفائی، معیار تعلیم اور دیگر امور کی جانچ کرے گا۔اجلاس میں سی ایم پنجاب ہونہار سکالر شپ اور لیپ ٹاپ سکیم کی بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ پنجاب کے علاوہ، دوسرے صوبوں کے 19,000 سے زائد طلبہ نے اس اسکیم میں درخواست دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس اسکیم کو مزید فعال بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔ہائر ایجوکیشن کا سٹریٹجک پلان 2025-2029 کے حوالے سے بھی اجلاس میں تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں تدریسی معیار، اختراعی تحقیق، تخلیقی علم، اور ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کو ترجیحات میں شامل کیا جائے گا۔پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں میں گورننس ریفارمز اور ادارہ جاتی خودمختاری لانے کی تجویز پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ یونیورسٹیوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں پہلی مرتبہ ہائر ایجوکیشن کانفرنس کے انعقاد کی اصولی منظوری دی جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔وزیراعلیٰ نے کامرس کالجز کے حوالے سے بھی رپورٹ طلب کی تاکہ غیر فعال اداروں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔