data-id="863a0a8" data-element_type="widget" data-widget_type="theme-post-content.default">

دن کا آغاز ناشتہ کے بغیر کرنا بظاہر ایک معمولی عادت لگتی ہے، مگر طبی ماہرین کے مطابق یہ طرزِ زندگی مستقبل میں سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

نئی تحقیق سے انکشاف ہوا ہے کہ ناشتہ ترک کرنے والے افراد میں میٹابولک سینڈروم سے متاثر ہونے کا خطرہ نمایاں حد تک بڑھ جاتا ہے، یہ وہ کیفیت ہے جو دل، شوگر اور جسم کے مختلف اعضا کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق میٹابولک سینڈروم دراصل کئی امراض کا مجموعہ ہے، جن میں پیٹ اور کمر کے گرد چربی کا اجتماع، بلند فشارِ خون (ہائی بلڈ پریشر)، خون میں چکنائی یا کولیسٹرول کا بڑھ جانا، اور شوگر کی سطح میں اضافہ شامل ہیں۔ یہ تمام عوامل مل کر دل کی ناکامی (ہارٹ فیلیئر) اور ذیابطیس جیسے امراض کے خطرے کو کئی گنا بڑھا دیتے ہیں۔

جرنل نیوٹریشنز (Nutrients) میں شائع ہونے والی تازہ تحقیق میں ماہرین نے مختلف مطالعات کا تجزیہ کیا، تاکہ ناشتہ نہ کرنے اور میٹابولک سینڈروم کے مابین تعلق کو سمجھا جا سکے۔ اس تجزیے میں نو تحقیقی رپورٹس شامل کی گئیں جن میں ایک لاکھ 18 ہزار سے زائد افراد کا ڈیٹا استعمال ہوا۔

نتائج سے ظاہر ہوا کہ ناشتہ نہ کرنے کی عادت رکھنے والوں میں میٹابولک مسائل عام پائے جاتے ہیں۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے افراد کو ہائی بلڈ پریشر، ہائی بلڈ شوگر، اور توند نکلنے جیسے خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ مزید یہ کہ پانچ مختلف مطالعات سے اس بات کی تصدیق ہوئی کہ ناشتہ ترک کرنے والوں میں بلند فشار خون اور بلند شوگر لیول دونوں زیادہ دیکھے گئے۔

محققین کا کہنا ہے کہ ناشتہ نہ کرنے سے جسم کی میٹابولک صحت متاثر ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں غذائی اجزاء کے جذب ہونے کی صلاحیت کمزور پڑ جاتی ہے، جب کہ نقصان دہ کولیسٹرول (LDL) کی سطح میں اضافہ دیکھا گیا۔ ان کے مطابق یہ نتائج اس نظریے کو تقویت دیتے ہیں کہ “ناشتہ واقعی دن کی سب سے اہم غذا ہے۔”

اگرچہ ماہرین نے اس بات کا اعتراف کیا کہ تحقیق مشاہداتی نوعیت کی تھی، جس میں براہِ راست وجوہات ثابت نہیں کی گئیں، تاہم یہ پہلا موقع نہیں جب ایسی بات سامنے آئی ہو۔ اکتوبر 2025 میں جرنل کمیونیکیشنز میڈیسن میں شائع ایک مطالعے میں بتایا گیا کہ ناشتہ تاخیر سے کرنے یا چھوڑنے سے آئندہ دس برسوں میں قبل از وقت موت کا خطرہ 10 فیصد تک بڑھ سکتا ہے۔

اسی طرح جرنل آف امریکن کالج آف کارڈیالوجی میں شائع ایک بڑی تحقیق، جس میں ساڑھے چھ ہزار سے زائد افراد شامل تھے، میں معلوم ہوا کہ ناشتہ نہ کرنے والے افراد میں قبل از وقت موت کا خطرہ 75 فیصد تک بڑھ جاتا ہے، خاص طور پر وہ افراد جو دل کے امراض یا فالج جیسے عوارض میں مبتلا ہوتے ہیں۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ یہ نتائج اس حقیقت کو اجاگر کرتے ہیں کہ انسان کی غذا اور وقتِ طعام کا دل و دماغ کی صحت سے گہرا تعلق ہے۔ ان کے مطابق، ناشتہ ترک کرنا جسم کے فطری نظام کے خلاف عمل ہے جو وقت کے ساتھ خطرناک بیماریوں کی بنیاد رکھ دیتا ہے۔

ویب ڈیسک دانیال عدنان

.

ذریعہ: Jasarat News

کلیدی لفظ: کہ ناشتہ نہ کرنے کے مطابق

پڑھیں:

خالی پیٹ پھل کھانے سے کیا ہوتا ہے؟ ماہرین نے بتا دیا

پھل ہماری صحت کے لیے اہم ہیں، یہ سب جانتے ہیں۔ لیکن پھلوں کو کب اور کیسے کھانا چاہیے، یہ ایک ایسا سوال ہے جس پر سالوں سے بحث جاری ہے۔

کچھ لوگ یہ مانتے ہیں کہ صبح سویرے پھل کھانا صحت کے لیے بہتر ہے، جبکہ دیگر افراد کا کہنا ہے کہ اس سے تیزابیت یا ہاضمہ سست ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ پھل ہمیشہ خالی پیٹ ہی کھانے چاہیے۔ ان سب کو دیکھ کر اکثر لوگوں کو یہ سمجھنے میں دشواری ہوتی ہے کہ کون سی بات درست ہے؟

حقیقت یہ ہے کہ پھل وٹامنز، فائبر، اینٹی آکسیڈنٹس اور پانی سے بھرپور ہوتے ہیں اور سوال یہ نہیں کہ پھل اچھے ہیں یا نہیں، بلکہ یہ سوال اہم ہے کہ کیا ان کا کھانے کا وقت ہاضمہ پر اثر ڈالتا ہے؟

ماہرین کے مطابق، پھل خالی پیٹ یا کھانے کے بعد کسی بھی وقت کھائے جا سکتے ہیں کیونکہ یہ ہر صورت میں صحت بخش ہوتے ہیں۔ ماہرین غذائیت کے مطابق، پھل جلدی ہضم ہو جاتے ہیں، یہ قدرتی طور پر ہائیڈریٹنگ ہوتے ہیں اور پیٹ کو بوجھل کیے بغیر توانائی فراہم کرتے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ کچھ لوگوں کے لیے صبح کے وقت، جب جسم رات بھر کی نیند سے جاگتا ہے، پھل کھانا ہلکا اور صحت بخش ہوتا ہے۔ اگر آپ کوخالی پیٹ پھل کھانا توانائی دیتا ہے، تو اس میں کوئی حرج نہیں، ماہرین کے نزدیک یہ صحت کے لیے فائدہ مند بھی ہے۔

اسی طرح کچھ لوگ خالی پیٹ پھل کھانے میں کوئی دقت محسوس نہیں کرتے، دوسرے افراد کو اس سے تکلیف یا بے آرامی ہو سکتی ہے۔ دراصل، پھل خالی پیٹ کھانا غلط نہیں ہے، مگر ہاضمے کے لحاظ سے اس کا وقت اہم ہوتا ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق، جو لوگ نزلہ یا شدید تیزابیت کا شکار ہیں، انہیں خالی پیٹ پر ترش پھلوں سے بچنا چاہیے۔

سنترہ، انناس اور ایسے پھل جو فائبر سے بھرپور ہوں جیسے آم اور ناشپاتی، خالی پیٹ پر کھانے سے تیزابیت یا تکلیف پیدا کر سکتے ہیں۔ اس لیے مسئلہ پھلوں میں نہیں، بلکہ ہر فرد کی جسمانی برداشت اور بعض مخصوص پھلوں کی نوعیت میں ہے، جو قدرتی طور پر زیادہ ترش یا فائبر سے بھرپور ہوتے ہیں۔

مناسب ہے کہ آپ اپنے جسم کی آواز سنیں۔ اگر پھل کھانے سے آپ کو بھوک لگتی ہے، تو آپ انہیں مکس کر کے گری دار میوے، بیج یا دہی کے ساتھ کھا سکتے ہیں۔ اگر آپ کو بھاری ناشتہ پسند ہے تو پھلوں کو کھانے کے درمیان لے سکتے ہیں۔ غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ پھل کبھی بھی کھائے جا سکتے ہیں، بس یہ ضروری ہے کہ آپ اپنے جسم کے مطابق ان کا استعمال کریں۔

وہ پھل جو خالی پیٹ کھانے سے بہتر کام کرتے ہیں

اگر آپ کا ہاضمہ مضبوط ہے تو یہ پھل ہاضمے کے لیے نرم، ہائیڈریٹنگ اور ہلکے ثابت ہوتے ہیں:

پپیتا: آرام دہ، انزائمز سے بھرپور، آنتوں کی صحت کے لیے مفید ہیں۔

کیلے: صبح کی تیزابیت سے بچنے کے لیے بہترین پھل سمجھے جاتے ہیں۔

بیریز: اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور، پیٹ پر زیادہ بوجھ نہیں ڈالتے۔

سیب: نرم فائبر، ہلکی مٹھاس، زیادہ ترش نہیں ہوتے۔

وہ پھل جن سے آپ کو خالی پیٹ پرہیز کرنا چاہیے

یہ پھل غذائیت سے بھرپور ہیں لیکن کچھ لوگوں کے لیے یہ صبح کے وقت بھاری، تیزابیت پیدا کرنے والے یا بھاری ہو سکتے ہیں۔

سنترہ اور انناس: یہ ترش پھل بعض افراد کے لیے تیزابیت کا سبب بن سکتے ہیں۔

آم: فائبر سے بھرپور، جو پیٹ میں اپھار کا باعث بن سکتا ہے۔

ناشپاتی: فائبر کی زیادہ مقدار، خالی پیٹ پر بہت بھاری محسوس ہو سکتی ہے۔

انار: غذائیت سے بھرپور، لیکن کمزور ہاضمے والے افراد کے لیے ہضم کرنا مشکل ہو سکتا ہے۔

اس لیے اگر آپ کا جسم اسے برداشت کرتا ہے تو خالی پیٹ پھل کھانا بالکل ٹھیک ہے۔

نوٹ: مزید معلومات کے لیے ہمیشہ ماہرین یا اپنے ڈاکٹر سے مشورہ کریں۔

متعلقہ مضامین

  • خیرپور، دھند سے باراتیوں کی بس الٹ گئی،2خواتین جاں بحق
  • سندھ حکومت نے سکھر بیراج کی ہائیڈرولک ماڈل اسٹڈی پر کام تیز کردیا ہے
  • صبح 10 بجے سے پہلے دفتر آنے کیلئے مجبور کرنا تشدد کے مترادف، تحقیق
  • آئی ایم ایف کی نئی شرائط، کھاد، زرعی ادویہ، شوگر اور سرجری آئٹمز پر ٹیکس لگے گا
  • یوکرین جیسے تنازعات تیسری عالمی جنگ تک پہنچ سکتے ہیں: ٹرمپ نے خبردار کردیا
  • بنگلہ دیش سی آئی ڈی کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ کا خطرناک ملزم گرفتار
  • سال 2026 میں گردشی قرضہ خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ
  • خالی پیٹ پھل کھانے سے کیا ہوتا ہے؟ ماہرین نے بتا دیا
  • امریکی ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند خبردار، ٹرمپ نے سخت ترین شرط لگانے کا فیصلہ کرلیا
  • آئی ایم ایف نے خبردار کردیا ،پاکستان میں مہنگائی دوبارہ بڑھنے کا خدشہ