نیشنل لیبر فیڈریشن کی خالد مخدومی کے انتقال پر تعزیت
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمان سواتی، سیکرٹری جنرل حسیب الرحمان، سندھ کے صدر شکیل احمد شیخ، جنرل سیکرٹری محمد عمر شر،کراچی کے صدر خالد خان اور جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال نے روزنامہ جسارت کے کرائم رپورٹر اور سینئر صحافی خالد مخدومی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کی دعا کی ہے اور لواحقین کو صبر جمیل کی درخواست کی۔ این ایل ایف کراچی کے جنرل سیکرٹری محمد قاسم جمال خالد مخدومی کی نماز جنازہ میں بھی شریک ہوئے اور ان کے اہل خانہ ودیگر قریبی عزیز واقارب اور ان کے صحافی دوستوں وساتھیوں سے بھی تعزیت کا بھی اظہار کیا۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ نظامی کی میاں اظہر کے اہلخانہ سے تعزیت
لاہور (رپورٹ: ندیم بسرا) سینئر سیاستدان، سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر مرحوم کی تعزیت کا سلسلہ ان کے لواحقین کے ساتھ جاری ہے۔ میاں محمد اظہر کی سیاست میں خدمات کوئی ڈھکی چھپی نہیں ہیں اور ان کو سیاست کا ایک ماہر کھلاڑی سمجھا جاتا تھا۔ ان کا معمار نوائے وقت مجید نظامی مرحوم سے دیرینہ تعلق تھا اور وہ مجید نظامی سے بھائیوں کی طرح لگائو رکھتے تھے اور انہیں اپنے سیاسی صلاح کار سمجھتے اور انہوں نے اپنا رشتہ ان کے ساتھ نہایت عزت و احترام کے ساتھ برقرار رکھا۔ وہ اکثر نظامی صاحب کے پاس نوائے وقت کے دفتر اور ان کی رہائش گاہ پر آجاتے اور مختلف سیاسی سمیت دیگر ایشوز پر ان سے رہنمائی لیتے تھے۔ ان کا شریف خاندان سے دیرینہ تعلق تھا اور میاں شریف مرحوم انہیں اپنے بیٹوں کی طرح سمجھتے تھے۔ ماضی میں شریف خاندان اور میاں اظہر مرحوم کے درمیان جب کچھ غلط فہمیاں ہوئیں تو اس کو ختم کروانے میں مجید نظامی صاحب کا ہی کردار تھا اور شاید یہی وجہ ہے کہ مجید نظامی جب اس دنیا سے پردہ کر گئے تو میاں محمد اظہر نے کہا تھا کہ وہ ایک اچھے، سمجھدار صلاح کار سے محروم ہوگئے ہیں۔ ان کی نظامی صاحب سے وابستگی بہت پرانی تھی اور میاں اظہر نے نظامی صاحب کی زندگی میں اس رشتے کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ ہی نبھایا ہے۔ ان کی نواز شریف اور شہباز شریف سے زیادہ قربت داری تھی۔ ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی نے میاں محمد اظہر کی وفات پر ان کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے بیٹے سابق ایم این اے، سابق وفاقی وزیر حماد اظہر اور دیگر اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کی اور میاں اظہر مرحوم کے دنیا سے جانے کو فیملی کے لئے بڑا صدمہ قرار دیا اور کہا کہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت میں جگہ دے اور اہل خانہ کو اتنا بڑا صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ واضح رہے میاں اظہر یکم ستمبر 1944 کو پیدا ہوئے۔ 1987میں لاہور کے مئیر منتخب ہوئے۔ 1990سے 1993تک گورنر پنجاب رہے۔ 1993 اور 1997 میں قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ 2024 کے عام انتخابات میں ممبر قومی اسمبلی بنے۔ ان کے بیٹے میاں حماد اظہر 2018 ممبر قومی اسمبلی رہے اور وفاقی وزیر کے عہدے پر کام کیا۔