اسلام آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ‘ کانسٹیبل شہید‘ ملزموں کو گرفتار کیا جائے‘ محسن نقوی
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے + این این آئی) اسلام آباد ٹریفک پولیس کے کانسٹیبل زبیر شاہ وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر I-9 میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے شہید ہو گئے۔ کیپیٹل پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹریفک پولیس کانسٹیبل زبیر شاہ نامعلوم افراد کی گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر تے ہوئے تفتیش کا عمل شروع کر دیا ہے۔ مشتبہ افراد کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ وزیر داخلہ نے اتوار کو اپنے بیان میں شہید پولیس جوان زبیر شاہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر داخلہ نے ملزمان کی جلداز جلد گرفتاری کا حکم بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کرنے والے ملزمان کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ شہید زبیر شاہ کے خاندان کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ شہید کے خاندان کی مکمل دیکھ بھال کی جائے گی۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: زبیر شاہ
پڑھیں:
محسن نقوی کی بنگلہ دیشی وزیر سے ملاقات‘ ایمپائرز ڈویلپمنٹ کیلئے تعاون پر اتفاق
لاہور+اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ اپنے سٹاف رپورٹر سے )وفاقی وزیرداخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کے وزیرکھیل، امور نوجوانان، لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی آصف محمود سے ملاقات کی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان کھیلوں خصوصا کرکٹ کے فروغ و ایمپائرز ڈویلپمنٹ پروگرامز کیلئے تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے ایمپائرز کو پاکستان میں ٹریننگ کی دعوت دی ملاقات میں ویمنز کرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرامز کیلئے اشتراک کار بڑھانے پر بات چیت ہوئی ملاقات میں فیصلہ کیا گیا سپورٹس کے فروغ کے لئے پی سی بی اور بی سی بی میں باقاعدہ معاہدہ کیا جائے گا۔ملاقات میں نوجوانوں کی سکلز ڈویلپمنٹ اور روزگار سے متعلق مشترکہ اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اعلیٰ تعلیم،سکالرشپ پروگرامز اور تعلیمی میدان میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے پر بھی گفتگو کی گئی۔سولر انرجی میں جدت اور باہمی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ محسن نقوی نے شناختی دستاویزات کو فول پروف بنانے خصوصا نادرا کے محفوظ سکیورٹی نظام سے متعلق بتایا بنگلہ دیشی وزیر آصف محمود نے نادرا کے نظام میں گہری دلچسپی کااظہار کیا۔محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وفد کو نادرا کے دورے کی دعوت دی۔بنگلہ دیش کا اعلی سطح کا وفد جلد پاکستان آئے گا اور نادرا کا دورہ کرے گا۔