دہشتگردوں کیلیے پاکستان میں کوئی جگہ نہیں‘آرمی چیف
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
پشاور: آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو پشاور دورہ کے موقع پر صوبے میں جاری آپریشن سے متعلق بریفنگ دی جارہی ہے
رالولپنڈی (آن لائن )آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس
عزم کا اظہار کیا ہے کہ فتنہ الخوارج اوران کے نیٹ ورک کے خلاف متحدہیں۔ دہشت گردوں کی اس سرزمین پر کوئی جگہ نہیں ہے، دشمن نفرت اورخوف کا بیج بونا چاہتا ہے، ہم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دشمن بھاری نقصان اٹھاتا رہے گا، سیکیورٹی فورسز نے اس فتنے کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں، لگن، عزم اور قربانیوں کے ساتھ اس فتنے کے خلاف قابو پالیں گے، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے پشاور کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کو صوبے میں انسداد دہشت گردی آپریشنز پر بریفنگ دی گئی۔ فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشنز میں بریفنگ میں وزیراعلیٰ، وزیر داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ آرمی چیف کو مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے آپریشنز کے بارے میں بتایا گیا، اس موقع پر آرمی چیف نے مزید کہاکہ ہماری افواج نے دہشت گردوں کے لیڈروں کا خاتمہ یقینی بنایا ہے، دہشت گرد تنظیموں کا ڈھانچہ تباہ اور ان کے سہولت کاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس جنگ کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو سختی سے ناکام بنا دیں گے، آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے سیاستدانوں سے بھی بات چیت کی۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے مختلف امور پر اظہار خیال کیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق سیاسی رہنمائوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اظہار یکجہتی کیا‘ سیاسی رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف عوامی حمایت اور سیاسی ہم آہنگی کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ سیاسی نمائندوں نے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت کا عزم ظاہر کیا۔ سیاسی رہنماؤں نے دہشت گرد تنظیموں کی انتہاپسندانہ سوچ کے خلاف متحدہ محاذ کی ضرورت پر زور دیا۔
ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پاکستان پر الزام تراشی بھارتی ناکامی و شکست ہے، مولانا امین انصاری
ایک بیان میں رہنما متحدہ علماء محاذ کا کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، پاکستان کی امن و سلامتی،حفاظت و دفاع کیلئے پوری قوم سیاسی و مذہبی قوتیں بلاامتیاز رنگ و مسلک بھارتی جارحیت کے خلاف متحد و بیدار ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ متحدہ علماء محاذ اور دفاع افواج پاکستان فورم کے بانی سربراہ مولانا محمد امین انصاری نے کہا ہے کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر اور پورے ہندوستان میں مسلمان و سکھ اقلیتوں پر انسانیت سوز وحشیانہ مظالم کو چھپانے اور جذبہ حریت کو دبانے کیلئے ہمیشہ عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام سازشیں کرتی رہی ہے، پہلگام دہشت گردی کی پاکستان پر الزام تراشی بھارتی ناکامی و شکست ہے۔ ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی آبی جارحیت کیخلاف پوری قوم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہے، پاکستان کی امن و سلامتی،حفاظت و دفاع کیلئے پوری قوم سیاسی و مذہبی قوتیں بلاامتیاز رنگ و مسلک بھارتی جارحیت کے خلاف متحد و بیدار ہیں، عالمی ادارے سندھ طاس معاہدہ کی واضح یکطرفہ شیطانی خلاف ورزی کے خلاف ایکشن لیں تاکہ خطے میں امن کی فضاء برقرار رہے۔