سندھ بلڈنگ ،قمر قائم خانی سسٹم سے تحقیقاتی اداروں کی چشم پوشی، بیٹر مافیا سرگرم
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی میں قمر قائم خانی نے تحقیقاتی اداروں کی چشم پوشی کا فائدہ اٹھانا شروع کر دیا ہے۔ ڈی جی عبدالرشید سولنگی کی ناک کا بال بن جانے والے قمر قائم خانی نے ہر قسم کے احتساب کے خوف سے بالاتر ہوکر غیر قانونی دھندوں سے خطیر رقمیں بٹورنے کے لیے بیٹر مافیا کو سرگرم کر دیا ہے۔ گٹھ جوڑ کے بعد بغیر نقشوں اور منظوری کے ناجائز تعمیرات کی آزادی دی جا رہی ہے ۔ اس سلسلے میں وسطی کے علاقے لیاقت آباد میں بھتہ خوری کے مقدمہ میں نامزدبیٹر اسامہ نے غیر قانونی تعمیرات کی حفاظت اور سسٹم کے معاملات طے کرنے کی آزادی حاصل کر لی ہے ۔باوثوق ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق بیٹر اسامہ نے ایک گروہ بنا رکھا ہے جو بننے والی تعمیرات کے خلاف کورٹ سے نوٹسز جاری کروانے کے بعد ہراسگی پھیلا کر لاکھوں روپے بٹور لیتے ہیں ۔اور انہدام نہ ہونے کی گارنٹی دے کر حفاظتی پیکیج کے نام پر مزید رقم اینٹھنے کا سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے ۔اس طرح وصولی جانے والی رقوم سے اسامہ کا ماموں یامین جائیدادیں بنانے میں مصروف عمل ہے۔ حال ہی میں لیاقت آباد کے علاقے سی ایریا میں ایک کروڑ سے زائد مالیت کا ایک پلاٹ بھی خریدا گیا ہے۔ اس وقت بھی لیاقت آباد کے پلاٹ نمبرL10سی ون ایریا اور 6/6سی ایریا پر اسامہ کے حفاظتی پیکیج میں غیر قانونی تعمیرات جاری ہیں۔
.ذریعہ: Juraat
پڑھیں:
رینجرز نے لیاری گینگ کے مطلوب کارندے کو گرفتار کرلیا
رینجرز نے لیاری کینگ وار کے کارندے کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق پاکستان رینجرز (سندھ) کا جرائم کی روک تھام کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کراچی کے علاقے نیاآباد سے دورانِ اسنیپ چیکنگ لیاری گینگ وار (وصی اللہ لاکھوگروپ) سے تعلق رکھنے والے ملزم تنویرعرف ولری ولد فقیر محمد کو گر فتارکر لیا۔
ابتدائی تفیش کے مطابق ملزم موسٰی لین لیاری میں ایک بلڈر کو بھتے کی پرچی دینے میں ملوث ہے۔ ملزم جنوری 2025 میں پولیس مقابلے میں مطلوب تھا جس کی ایف آئی آر تھانہ پاک کالونی میں درج ہے۔
ملزم کے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے خلاف بھی تھانہ پاک کالونی میں ایف آئی آر درج ہے۔ ملزم ایک عادی مجرم ہے اور رینجرز کے ہاتھوں 2024 میں گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے۔ گرفتارملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیاگیا ہے۔
ترجمان رینجرز نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جرائم اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔