نوشہرفیروزمیں دلیپوٹافری لرننگ اینڈ اسکلز سینٹر کا قیام
اشاعت کی تاریخ: 14th, January 2025 GMT
نوشہروفیروز(نمائندہ جسارت)ضلع کے چھوٹے سے گاؤں یونین کونسل دلیپوٹا میں پاکستانی نژاد کینیڈین شہری ڈاکٹر امان اللہ پنھور نے خواتین کو تعلیم یافتہ اور ہنرمند بنانے کیلئے اعلیٰ معیار کا ادارہ دلیپوٹافری لرننگ اینڈ اسکلز سینٹراوررحمت انسٹیٹیوٹ آف اسکلز ڈویلپمنٹ قائم کرکے جنگل میں منگل کا سماں پیدا کردیا ۔افتتاحی تقریب میں پاکستانی نژاد غیرملکی شہریوں صدر سندھی ایسوسی ایشن نارتھ امریکا ڈاکٹر مقبول ہالیپوٹو، ورلڈ بینک سے اویس پنھور، اعجاز ترک،انعام شیخ، نائب صدرسانا شاہدہ شیخ، ناصر جمال پٹھان، ڈاکٹر پروفیسر ابراہیم، غلام حیدر معجور،عاقل پنھور،نواز سومرو، غلام قادر ملاح، یوسف رستمانی، سوشل ورکر ماہ نور شیخ، ڈاکٹر عبدالحکیم جوکھیو،خالد پنھور سمیت دیگر معززین نے شرکت کی اور پروجیکٹ کو سراہا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پونے پانچ کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے کینیڈین اسٹینڈرڈ جیسے اس ادارے میں علاقے کی بچیاں جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمند کورسز کی تربیت حاصل کرکے ایک مضبوط خاتون بن کر جہاں معاشرے کیلئے کارآمد ثابت ہوںگی وہیں بطور بیٹی، بہن اور ماں ایک طاقتور خاندان کی تشکیل میں اہم کردار ادا کریں گی مختلف ممالک میں رہائش پذیر پاکستانی نژاد دیگر لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تعلیم اور صحت کیلئے اس جیسے دیگر پروجیکٹ بنا کر ایک اچھے پاکستانی ہونے کا ثبوت دیں۔افتتاحی تقریب میں دلیپوٹا او رقریبی دیہاتوں سے خواتین و بچیاں بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئیں اور اسٹنڈرڈ ادارے کے گاؤں میں قیام کو خوش آئند قرار دیا۔ڈاکٹر امان اللہ پنھور نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دلیپوٹا میری آبائی یونین کونسل ہے میرے دادا نے یہاں اسکول بنوایا تھا، میرے باپ نے تعلیم کیلئے یہاں بہت کچھ کیا اور اب میں نے بھی یہاںمیگا تعلیمی و لرننگ پروجیکٹ بنایا ہے اگر میں نہیں بھی رہا تو ان شاء اللہ میرے بیٹے اس پروجیکٹ کو مستقل چلاتے رہیں گے کئی دوستوں نے کہا کہ آپ چھوٹے دیہات کے بجائے کسی بڑے شہر میں ایسا ادارہ قائم کریں تو ماہانہ لاکھوں روپے کماسکتے ہیں مگر میرا انہیں ایک ہی جواب تھا کہ میں پیسوں کیلئے نہیں بلکہ اپنے علاقے کی طالبات اور بچوں کو تعلیم یافتہ دیکھنا چاہتا ہوں اس لئے بالکل فری ادارہ قائم کیا تاکہ وہ خودمختار بن سکیں ہماری کوشش ہوگی یہ ادارے سے کورسز مکمل کرنے والے طلبہ وطالبات کیلئے بیرون ملک نوکریوں کا بھی بندوبست کریں ہم نے تو اپنا کام کردیا ہے اب علاقے کے بچوں کا کام ہے کہ وہ یہاں آکر پڑھیں ہنر سیکھیں اور اپنا بہتر مستقبل بنائیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
ملالہ یوسف زئی کا پاکستان میں سیلاب متاثرہ طلبہ کیلئے 2 لاکھ 30 ہزار ڈالر امداد کا اعلان
نوبیل انعام یافتہ پاکستانی سماجی کارکن ملالہ یوسف زئی نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے بعد تعلیم کے شعبے میں بحالی کے لیے مالی معاونت کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے ادارہ تعلیم و آگاہی کے لیے 2 لاکھ ڈالر اور ماؤنٹین انسٹیٹیوٹ فار ایجوکیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ کے لیے 30 ہزار ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان کیا۔
ملالہ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان میں آنے والے سیلاب نے ہزاروں اسکولوں کو تباہ کر دیا ہے اور مقامی کمیونٹیز کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت اتحاد، تعاون اور بحالی کا ہے۔
“ہمیں ایک ہو کر نہ صرف امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینا ہے، بلکہ اسکولوں کی تعمیرِ نو اور خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ہوں گے،” ملالہ کا کہنا تھا۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی بنیاد ہے اور قدرتی آفات کے باوجود ہمیں یہ عزم کرنا ہوگا کہ ہر بچہ، خاص طور پر ہر بچی، اپنی تعلیم جاری رکھ سکے۔
ملالہ فنڈ کی جانب سے دی جانے والی یہ امداد متاثرہ علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی بحالی اور بچوں کی دوبارہ اسکول واپسی کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
Post Views: 6