لاہور چڑیا گھر میں شہری جدیدترین ٹیکنالوجی سے جانوروں کو قریب سے دیکھ اور چُھو سکیں گے
اشاعت کی تاریخ: 17th, January 2025 GMT
لاہور:
لاہور چڑیا گھر میں بنائے گئے جدید ترین ہولوورس کا انتظام نجی کمپنی کے حوالے کردیا گیا جہاں بہت جلد شہری جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ورچوئل رئیلٹی، مکسڈ رئیلٹی کے ذریعے مختلف جنگلی جانوروں کو انتہائی قریب سے دیکھنے اور انہیں چھونے کا تجربہ کرسکیں گے، تھری ڈی سینما میں جنگلی حیات سے متعلق فلمیں بھی دیکھی جاسکیں گی۔
لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر شیخ محمد زاہد نے ایکسپریس نیوز کو بتایا کہ ہولوورس میں تین سہولتیں متعارف کروائی گئی ہیں جن میں ورچوئل رئیلٹی، مکسڈ رئیلٹی اور ہولو گرام تھری ڈی سینما کی سہولت شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ورچوئل رئیلٹی میں وی آر کے ذریعے شہری خود کوایک جنگل میں موجود پائیں گے جہاں ان پر خطرناک جنگلی جانور حملہ کرتے محسوس ہوں گے۔ وی آر کی مدد سے ان جانوروں کو قریب محسوس کیا جاسکے گا۔ ایسے جانور جو پہلے کبھی نہیں دیکھے ہوں گے۔
ایکسپریس نیوز کے رپورٹر نے خود بھی مکسڈ رئیلٹی کا نظارہ کیا جہاں ڈائنوسارس ،ہاتھی اور شیروں سمیت مختلف جانوروں کو انتہائی قریب سے دیکھنے اور انہیں چھو کردیکھنے کا تجربہ کیا گیا۔ شہری ان مناظر کی تصاویر بھی بنا سکیں گے۔
ورچوئل رئیلٹی نظارے کے دوران جب اچانک افریقی شیر نے حملہ کیا تو رپورٹر بھی ڈر گیا ۔وی آر کے ذریعے ایسے محسوس ہوتا ہے جیسے آپ ایک خطرناک جنگل میں موجود ہیں جہاں ہرقسم کے جنگلی جانور، حشرات اور پرندے ہیں ۔ آپ نے ان کا نظارہ بھی کرنا ہے اور ان سے بچنا بھی ہے۔
شیخ محمد زاہد نے بتایا کہ ورچوئل رئیلٹی کا ٹکٹ 100 روپے، مکسڈ رئیلٹی کا ٹکٹ 200 روپے اور ہولو گرام تھری ڈی سینما کا ٹکٹ 300 روپے ہے۔ شہری کی مرضی ہے وہ تمام سہولتیں دیکھنا چاہتا ہے یا کوئی ایک چیز دیکھنا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہولو ورس نجی کمپنی کے سپرد کردیا گیا ہے، ممکن ہے وہ فیملی پیکج اور اسٹوڈنٹس پیکج متعارف کروائے جس سے وزیٹرز کو مزید سہولت ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پنجاب کی سینیئروزیر مریم اورنگزیب، سیکرٹری جنگلات وجنگلی حیات مدثر وحید ملک اور خاص طور پر ٖڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض ملک کی محنت اورشبانہ روز کوششوں کا نتیجہ ہے کہ شہریوں کو ایک نئی اور بہترین تفریحی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ ڈی جی وائلڈلائف کا ایک خواب تھا جسے حقیقت میں بدل دیا گیا ہے۔
Tagsپاکستان.
ذریعہ
ذریعہ: Al Qamar Online
کلیدی لفظ: پاکستان پاکستان کھیل جانوروں کو انہوں نے
پڑھیں:
مون سون کا طاقتورسپیل ، جھل تھل ایک ہوگیا،2 وکلاء کے چیمبر گرگئے
لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ہونےوالی مون سون کی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔لاہور میں مون سون کا سپیل زور شور سے جاری ہے اورعلی الصبح سے ہونے والی موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے ہیں۔واسا لاہور کی جانب سے اب تک ہونے والی بارش کا ریکارڈ جاری کردیاگیاہے جس کے مطابق جیل روڈمیں 28.5، ایئرپورٹ میں 263، ہیڈ آفس گلبرگ میں 52، لکشمی چوک میں 25، اپر مال کے علاقے میں 114.4، مغلپورہ میں 129، تاجپورہ میں 155، نشتر ٹاؤن میں 56.4، چوک ناخدا میں 62، پانی والا تالاب میں 27.2، فرخ آباد میں 23.4، گلشن راوی میں 18، اقبال ٹاؤن میں 54.2، سمن آبادمیں 32، جوہر ٹاؤن میں 81، ڈیفنس روڈ میں 45، شادی پورہ میں 132.4 ، سگیاں میں 22.2اور مناواں میں 106 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی،سب سے زیادہ 263 ملی میٹر بارش ائیر پورٹ پر ریکارڈ کی گئی ہے ۔لاہور میں ہونےوالی موسلادھار بارش سےسیشن کورٹ میں سینئر قانون دان پیر مسعود چشتی سمیت2 وکلاء کے چیمبر گرگئے،پیر مسعود چشتی کا چیمبر کافی عرصے سے خالی پڑاتھا،چیمبر کی چھت بارش کے پانی کا بوجھ برداشت نہ کر سکی اورگرگئی،شدید بارش کی وجہ سے ماتحت عدالتوں میں سائلین نہ پہنچ سکے۔ دوسری طرف آئی جی پنجاب نے پولیس کو حادثات اور ناگہانی صورتحال میں امدادی سرگرمیوں میں شرکت کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس افسران اور اہلکار بارش سے متاثرہ علاقوں میں انتہائی مستعد ہو کر ڈیوٹی انجام دیں،سپروائزری پولیس افسران بارش زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں خود مانیٹر کریں، بارش کے مزید امکانات کے پیش نظر پولیس افسران اور اہلکار الرٹ رہیں،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ریسپانڈ کریں۔ملک کے دوسرے حصوں کی طرح ضلع خیبر کے باڑہ اور جمرود کے علاؤہ وادی تیراہ کے پہاڑوں پر بھی ہونے والی بارش سے موسم خوشگوارہوگیا لیکن ندی نالوں میں طغیانی اور دریائے باڑہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے ،جولائی کے مہینے میں دسمبر جیسے سردی محسوس کی جارہی ہے،پہاڑی علاقوں میں بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے،ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو کی جانب سے حفاظتی انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ ندی نالوں کے قریب جانے پر پابندی کی خلاف ورزی پر دوافرادکو گرفتار بھی کرلیاگیاہے۔