پاکستان کو 20 ارب ڈالر کی فراہمی، عالمی بینک کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک جمعرات کو جاری کرے گا
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
اسلام آ باد:
عالمی بینک اگلے دس سال میں پاکستان کو 20 ارب ڈالر کی فنانسنگ کی فراہمی کیلیے کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک جمعرات کو جاری کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق عالمی بینک پاکستان کے لیے نئی کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک جاری کرے گا، عالمی بینک کی جانب سے دس سالہ منصوبے کے تحت پاکستان کو بیس ارب ڈالر فراہم کیے جائیں گے اور اس کا باضابطہ افتتاح عالمی بینک کے نائب صدر برائے جنوبی ایشیا مارٹن ریزر کریں گے۔
اس فریم ورک میں پاکستان کی مختصر اور درمیانی مدت کی معاشی ضروریات کو پورا کرنے کی حکمت عملی شامل ہے۔ عالمی بینک نے پاکستان کو درپیش بڑے خطرات کی نشاندہی کی ہے جن میں سیاسی تقسیم میکرو اکنامک کمزوریاں اور انسانی سرمائے کا بحران شامل ہیں۔
عالمی بینک نے مالی بدانتظامی، ماحولیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور جی ڈی پی میں ممکنہ بیس فیصد کمی جیسے خدشات کا اظہار کیا ہے، اس کے علاوہ عالمی بینک نے برآمدات مخالف تجارتی پالیسیوں،بنیادی سہولیات میں کمی اور بجلی کی تقسیم و ترسیل کے نظام میں بھاری نقصانات کی نشاندہی کی ہے۔
شفافیت، احتساب اورای گورننس کے شعبوں میں بھی بہتری کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ عالمی بینک نے نجی شعبے کی سرمایہ کاری،ایس ایم ایز کی قرض تک رسائی اور برآمدات بڑھانے کے لیے اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: عالمی بینک نے پاکستان کو
پڑھیں:
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں مسلسل تیسرے روز اضافہ
کراچی:روپے کی قدر میں مسلسل تیسرے روز اضافے سے کرنسی مارکیٹس میں روپیہ تگڑا جبکہ ڈالر کمزور ہوگیا۔
ای کیپ کے مطابق انٹر بینک میں ڈالر کی قدر 72 پیسے گر کر 283 روپے 50 پیسے پر آگئی جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں آج پھر ڈالر کی قدر میں ایک روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی۔
اوپن مارکیٹ میں ڈالر 287 روپے 60 پیسے سے گر کر 286 روپے 60 پیسے پر آ گیا۔ تین روز میں اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2.30 روپے اور انٹر بینک میں 1.50 روپے گر چکی ہے۔
چیئرمین ای کیپ ملک بوستان کا کہنا ہے کہ ڈالر کی گرتی قدر کو دیکھ کر ایکسپورٹرز اپنے ڈالر مارکیٹ میں بیچنا شروع ہوگئے ہیں، امپورٹرز جلد بازی میں خریداری نا کریں انہیں ڈالر مزید سستا ملے گا۔
ملک بوستان نے امپورٹرز کو مشورہ دیا کہ ڈالر 280 پھر 270 پر آئے گا۔
چیئرمین ای کیپ کا کہنا تھا کہ حوالہ ہنڈی کے خلاف آپریشن جاری ہے جس سے ڈالر مزید گرے گا اور اسٹیٹ بینک نے بھی انٹر بینک سے خریداری روک دی ہے اس لیے ڈالر اب اور سستا ہوگا۔