ڈبلیو ایچ او اور پیرس معاہدہ چھوڑنے کے امریکی فیصلے پر اظہار افسوس
اشاعت کی تاریخ: 21st, January 2025 GMT
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 21 جنوری 2025ء) اقوام متحدہ نے امریکہ کے صدر ٹرمپ کی جانب سے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رکنیت اور پیرس موسمیاتی معاہدے سے دستبرداری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے صحت عامہ پر منفی اثرات ہوں گے اور عالمی حدت میں کمی لانے کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا۔
'ڈبلیو ایچ او' کے ترجمان طارق جاساروک نے کہا ہے کہ امریکی شہریوں سمیت دنیا بھر کے لوگوں کی صحت کے تحفظ، مضبوط طبی نظام قائم کرنے اور وباؤں سمیت ہنگامی طبی حالات کی نشاندہی، انہیں روکنے اور ان پر قابو پانے میں 'ڈبلیو ایچ او' کا اہم کردار ہے۔
ادارہ بہت سے ایسے مشکل علاقوں میں بھی ضروری طبی اقدامات کرتا ہے جہاں کوئی اور نہیں پہنچ سکتا۔ Tweet URL'ڈبلیو ایچ او' کو سب سے زیادہ مالی وسائل امریکہ سے ہی موصول ہوتے ہیں۔
(جاری ہے)
2023 میں اس کے مجموعی بجٹ میں امریکہ کا حصہ 18 فیصد تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارہ امریکی صدر کے فیصلے کا تجزیہ کر کے اس پر مزید بات کرے گا۔فیصلہ واپس لینے کا مطالبہامریکہ کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد متعدد انتظامی احکامات (ایگزیکٹو آرڈر) جاری کیے ہیں جن میں یہ بھی شامل ہے کہ امریکہ آئندہ 12 ماہ میں 'ڈبلیو ایچ او' کی رکنیت چھوڑ دے گا۔
ترجمان نے امید ظاہر کی ہے کہ امریکہ کی حکومت اپنے اس فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔امریکہ نے 1948 میں کانگرس کے دونوں ایوانوں کی منظور کردہ متفقہ قرارداد کے ذریعے 'ڈبلیو ایچ او' میں شمولیت اختیار کی تھی۔ اس قرارداد کے تحت ملک کے لیے ادارے کی رکنیت چھوڑنے سے ایک سال قبل اس فیصلے کا اعلان کرنا ضروری ہے۔
قبل ازیں صدر ٹرمپ کی پہلی مدت صدارت کے دوران 2020 میں بھی امریکہ نے 'ڈبلیو ایچ او' سے علیحدگی اختیار کر لی تھی لیکن ان کے بعد آنے والے صدر جو بائیڈن نے یہ فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
امدادی امور کے لیے اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر (اوچا) کے ترجمان جینز لائرکے نے 'ڈبلیو ایچ او' کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ لوگوں کی عمر، صحت اور خوشی میں اضافہ اسی ادارے کا مرہون منت ہے۔ 'ڈبلیو ایچ او' کی غزہ، یمن، افغانستان اور سوڈان جیسی مشکل جگہوں تک بھی رسائی ہے اور یہ ادارہ بین الاقوامی امدادی نظام کا لازمی جزو ہے۔
موسمیاتی معاہدے کی اہمیتعالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) کی ترجمان کلیئر نولیس نے 2015 کے پیرس موسمیاتی معاہدے سے امریکہ کی دستبرداری کے حالیہ فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ممالک کے لیے اس معاہدے پر عمل کرنا ضروری ہے۔
دنیا کو بدترین موسمیاتی بحران کا سامنا ہے جس کا اندازہ اس حقیقت سے ہوتا ہے کہ 2024 تاریخ کا گرم ترین سال تھا جس دوران عالمی حدت میں اضافہ قبل از صنعتی دور کے مقابلے میں 1.55 ڈگری سیلسیئس زیادہ رہا۔
ان کا کہنا ہے کہ خود امریکہ کو موسمی شدت کے واقعات اور آبی حوادث سے بہت بڑے پیمانے پر معاشی نقصان کا سامنا ہے اور حالیہ دنوں لاس اینجلس کے جنگلوں میں لگنے والی آگ اس کی نمایاں مثال ہے۔
1980 کے بعد امریکہ نے 403 موسمیاتی آفات جھیلی ہیں جن کے نتیجے میں اسے 2.915 ٹریلین ڈالر سے زیادہ معاشی نقصان ہوا۔
امریکہ کے قائدانہ کردار کی ضرورتاقوام متحدہ کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیرس معاہدے کے نتیجے میں جس تبدیلی کا تصور کیا گیا تھا وہ پہلے ہی جاری ہے۔ دنیا میں قابل تجدید توانائی کا انقلاب آ چکا ہے جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر روزگار پیدا ہو رہے ہیں اور خوشحالی آ رہی ہے۔
سیکرٹری جنرل کو یقین ہے کہ دیگر ممالک کے ساتھ امریکہ میں بھی شہر، ریاستیں اور کاروبار کاربن سے پاک مستحکم معاشی ترقی کے لیے کوشاں رہیں گے جس سے رواں صدی میں خوشحالی لانے کے لیے معیاری کاروباری منڈیاں اور روزگار تخلیق ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی مسائل کو حل کرنے کی جدوجہد میں امریکہ کا قائدانہ کردار بہت اہم ہے۔
ذریعہ: UrduPoint
کلیدی لفظ: تلاش کیجئے ڈبلیو ایچ او کے لیے
پڑھیں:
غزہ جنگ کے خلاف احتجاج پر امریکہ میں قید خلیل، نومولود بیٹے کو نہ دیکھ سکے
اسرائیل کی ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے غزہ میں جاری جنگ اور اس کے نتیجے میں ہونے والی فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف کولمبیا یونیورسٹی میں احتجاج کرنے پر امریکی جیل میں قید محمود خلیل اپنے بیٹے کی ولادت کے موقع پر بھی جیل سے باہر آ کرنومولود کو نہ دیکھ سکے۔
اسرائیلی جنگ کی مخالفت اور فلسطینیوں کی حمایت کے لیے احتجاج کو امریکی صدر کے مشیران یہود دشمنی قرار دیتے ہیں۔ تاہم احتجاج کرنے والے فلسطینی اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔
امریکہ کے علاوہ یورپی ملکوں میں بھی اسرائیل کی غزہ جنگ کی مخالفت اور فلسطینی بچوں اور عورتوں کی ہزاروں کی تعداد میں ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کو یہود دشمنی ہی قرار دیا جاتا ہے۔
ادھر اسرائیل بھی ایسے احتجاج پر ناپسندیدگی ظاہر کرتا ہے جس میں کوئی احتجاجی غزہ کے ہلاک شدہ فلسطینی بچوں کی تصاویر اٹھا کر لانے کی کوشش کرتا ہے۔
محمود خلیل کو بھی فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھانے کے اسی جرم میں امریکی امیگریشن حکام نے آٹھ مارچ سے حراست میں لے رکھا ہے۔ امریکی حکام اس کے باوجود محمود خلیل کو امریکہ سے ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیے ہوئے ہیں کہ محمود خلیل کی اہلیہ نور عبداللہ امریکی شہری ہیں اور اپنی اہلیہ کی وجہ سے وہ امریکہ میں رہنے کا حق رکھتے ہیں۔
ان کی اہلیہ نور عبداللہ نے پیر کے روز بتایا ہے کہ امریکہ کے متعلقہ حکام نے بیٹے کی پیدائش کے موقع پر محمود خلیل کو عارضی طور پر رہا کرنے سے بھی انکار کر دیا کہ وہ اپنے نومولود بیٹے کو دیکھ سکتے ۔
خلیل نیو یارک کی کولمبیا یونیورسٹی کے طالبعلم ہیں اور فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف امریکہ میں احتجاج کرنے والوں میں نمایاں رہے ہیں۔ نور عبداللہ کے مطابق ‘آئی سی ای’ نامی ادارے نے ان کے شوہر کو اپنے خاندان کے لیے اس اہم موقع پر بھی عارضی رہائی دینے سے انکار کر دیا ہے۔
نور عبداللہ نے اس انکار پر اپنے بیان میں کہا’ آئی سی ای’ نے عارضی رہائی سے انکار کر کے مجھے ، محمود اور ہمارے نومولود کو سوچ سمجھ کر اذیت میں ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ اس وجہ سے میرے نومولود بیٹے نے دنیا میں آنے کے بعد پہلا دن ہی اپنے والد کے بغیر دیکھا۔ میرے لیے بھی یہ بہت تکلیف دہ صورت حال ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ہم سے یہ ہمارے قیمتی اور خوبصورت لمحات چھین لیے ہیں۔ تاکہ محمود کو فلسطینیوں کی آزادی کی حمایت کرنے سے خاموش کرا سکیں۔
یاد رہے خلیل کی اہلیہ نے بچے کو نیو یارک میں جنم دیا ہے جبکہ خلیل کو نیو یارک سے ایک اور امریکی ریاست میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ تاکہ انہیں اس جج کی عدالت میں پیش کرنا ممکن ہو سکے جو ٹرمپ کی حالیہ کریک ڈاؤن پالیسی کا حامی ہو۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نےحال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ 1950 کے قانون کے تحت امریکہ کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اس غیر ملکی کو ڈی پورٹ کر دے جو امریکی خارجہ پالیسی سے اختلاف رکھتا ہو۔ تاہم روبیو نے یہ بھی کہا امریکہ میں اظہار رائے کی پوری آزادی ہے
Post Views: 1