پی ٹی آئی کی سندھ میں بچوں کے اغواکے بڑھتے واقعات پرتشویش
اشاعت کی تاریخ: 23rd, January 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے صدر راجا اظہر نے کراچی میں مسلسل بچوں کے اغواء پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی میں حالیہ بچوں کے اغواء پر کراچی پولیس کی جانب سے کوئی پیش رفت نظر نہیں آرہی، کراچی میں امن و امان کی صورتحال انتہائی مخدوش ہے ،کراچی کے شہریوں کو اغوا کرکے تاوان مانگے جارہے ہیں لیکن پولیس کی جانب سے کوئی کارروائی نظر نہیں آتی، مجھے نہایت افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کراچی میں کسی کی جان مال محفوظ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سندھ اس پر فوری ایکشن لیں، تحقیقاتی کمیٹیاں بنا دی جاتی ہیں لیکن رزلٹ زیرو ہوتا ہے، قوم کے بچوں کے محافظ کیا کررہے ہیں عوام کہاں جائیں۔ میں اپیل کرتا ہوں سندھ پولیس سے کہ آپ کے بھی بچے ہیں خدارا عوام کا خیال کریں۔ سندھ پولیس کو صرف پی ٹی آئی کے پیچھے لگے رہنا ہے اور کوئی کام نہیں ، عوام محفوظ ہونگے تو امن وامان بہتر ہوگا عوام پہلے ہی مہنگائی کے ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
کراچی، فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق
کراچی:شہرِ قائد میں فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق ہوگئے.
پہلا واقعہ بلدیہ ٹاؤن کی نواب کالونی میں پیش آیا جہاں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر نوجوان افتخار کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔
لواحقین کے مطابق مقتول افتخار موبائل مارکیٹ میں کام کرتا تھا اور پانچ بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا۔
وہ گزشتہ روز بھی دکان پر گیا تھا اور شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دکان سے جلدی نکلا تھا۔
راستے میں ڈاکوؤں نے اسے روکنے کی کوشش کی، تاہم افتخار نے اسلحہ دیکھ کر رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی تو ملزمان نے سر پر گولی ماردی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور اہلِ علاقہ نے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
دوسرا واقعہ یونیورسٹی روڈ پر پی ایس او پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 20 سالہ عبداللہ جاں بحق ہوگیا۔
چھیپا کے مطابق مقتول کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی ہے۔